میئر کراچی وسیم اختر کی جانب سے پاسپورٹ واپس کرنے کی درخواست پر سماعت انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ہوئی۔
وسیم اختر کی جانب سے درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ڈنمارک میں میئرز کے اجلاس میں شرکت کرنی ہے جس کی اجازت دی جائے اور پاسپورٹ فراہم کیا جائے۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت نے میئر کراچی وسیم اختر کو ملک سے باہر جانے کی اجازت دیتے ہوئے انہیں پاسپورٹ واپس کرنے کی ہدایت کر دی۔
عدالت نے حکم دیا ہے کہ ڈنمارک جانے کے لیے وسیم اختر کو 12 روز کے لیے پاسپورٹ دیا جائے۔
عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وسیم اختر نے ایم کیو ایم پاکستان پر گٹر اور نالوں میں پتھر ڈالنے کاا لزام مسترد کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ شہر سے منتخب لوگ کبھی نہیں چاہیں گے کہ گٹر میں کوئی چیز ڈالی جائے، مین ہول بہت پرانے ہو چکے، اینٹیں گل کر اندر گر جاتی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جو بھی صفائی مہم میں رکاوٹ بنے گا اس کے خلاف کارروائی کریں گے۔
کتا مار مہم کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر وسیم اختر کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کے تعاون کے بغیرکتا پکڑو مہم کامیاب نہیں ہو سکتی۔
یاد رہے کہ چند روز قبل حکومت سندھ نے صوبے بھر میں کتا پکڑو مہم شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کراچی، حیدر آباد، لاڑکانہ اور سکھر کے میئرز کو ہنگامی مراسلہ ارسال کیا تھا۔