زلزلہ کی گہرائی زیرزمین 23 کلومیٹر اورمرکز اٹک سے 28 کلومیٹر جنوب میں تھا۔فائل فوٹو
زلزلہ کی گہرائی زیرزمین 23 کلومیٹر اورمرکز اٹک سے 28 کلومیٹر جنوب میں تھا۔فائل فوٹو

آزاد کشمیر میں پھر زلزلہ آگیا۔92 افراد زخمی

میرپور آزاد کشمیر میں زلزلے کے تازہ جھٹکوں میں 92 افراد زخمی ہوگئے ہیں جنہیں ڈی ایچ کیواسپتال منتقل کردیا گیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق میرپورآزاد کشمیر میں  آج آفٹر شاکس کے نتیجے میں زخمیوں کی تعداد 92 ہوگئی ہے، زلزلے کے تازہ جھٹکوں سے متعدد عمارتیں متاثر ہوئیں جب کہ زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے، بدھ کی دوپہرآنے والے آفٹر شاکس دیگر کے مقابلے میں زیادہ شدید نوعیت کے تھے جس نے لوگوں کو دوبارہ خوف میں مبتلا کردیا ہے۔ قومی زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز میر پورآزاد کشمیر کے قریب تھا،اس کی زیر زمین گہرائی 12 کلومیٹر اوراس کی شدت 4.4 تھی۔

دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے زلزلے سے متاثرہ علاقوں کی جانی و مالی نقصان کی تفصیلات جاری کردی ہیں، جس کے مطابق زلزلے میں 39  افراد جاں بحق جب کہ 646 زخمی ہوئے۔ میر پور میں 32، بھمبر میں 5 اور جہلم میں ایک شخص جاں بحق ہوا۔ میرپور میں 625 افراد، بھمبر میں 14 جب کہ جہلم میں 7 افراد زخمی ہوئے، زلزلے سے کل 454 گھر تباہ ہوئے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق متاثرہ خاندانوں میں فی کس 21 کلو راشن، پانی کی 50 ہزار بوتلیں اور 200 ٹینٹ بھی تقسیم کیے گئے۔ جاتلاں سے منگلا جانے والی شاہراہ کی بحالی کا کام شروع ہوگیا ہے اور تباہ حال سڑک تین کلومیٹر تک جزوی طور پر بحال کر دیا ہے۔ 9 ڈاکٹروں پر مشتمل پمز کی ٹیم میرپور بھیجوا دی گئی ہے، این ڈی ایم اے کی 3 فیلڈ ٹیمیں بحالی کے کاموں میں مصروف عمل ہیں۔

این ڈی ایم اے کے مطابق وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے تاہم میرپور اور کوٹلی میں بجلی بحال کردی گئی ہے جب کہ بھاری مشینری کے ذریعے متاثرہ سڑکوں کی بحالی کے کام جاری ہیں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت نے زلزلہ متاثرین کے لیے ادویات اور سرجیکل سامان فراہم کردیا ہے جسے انہوں نے میرپور آزاد کشمیر بھیجنے کی ہدایت کر دی۔ ظفرمرزا کا کہنا ہے کہ پاکستانی قوم دکھ کی گھڑی میں میر پور آزاد کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔

وزارت صحت کے ادارے خدمت کےلیےمکمل تیار ہیں، 30لاکھ سے زائد ادویات اور سرجیکل سامان روانہ کررہے ہیں۔

زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 39 ہو گئی

ذرائع کے مطابق زلزلے میں زخمی ہونے والے 2 مزید افراد دم توڑ گئے ہیں۔ذرائع این ڈی ایم اے کے مطابق زلزلہ کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 39 ہو گئی ہے جب کہ زخمیوں کی تعداد 614 تک جا پہنچی ہے۔

واضح رہے کہ 24 ستمبر کو پنجاب، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کے علاوہ بھارت کے مختلف علاقوں میں زلزلہ آیا تھا تاہم سب سے زیادہ نقصان آزاد کشمیر میں ہوا۔