کھلاڑی یہاں بھرپور انداز میں انجوائے کررہے ہیں۔فائل فوٹو
کھلاڑی یہاں بھرپور انداز میں انجوائے کررہے ہیں۔فائل فوٹو

کھلاڑیوں کا فوکس سیکیورٹی نہیں،کرکٹ پر ہے۔سری لنکن کپتان

سری لنکا ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان لاہیرو تھریمانے کا کہنا ہے کہ پاکستان میں انہیں فرسٹ کلاس سیکیورٹی ملی ہے، جو کھلاڑی نہیں آئے و ہ ان کا ذاتی فیصلہ تھا اور ہم سب کو اس کا احترام کرنا چاہیے۔

کراچی میں پاکستان کیخلاف ون ڈے سیریز سے قبل پریس کانفرنس میں سری لنکن قائد لاہیرو تھریمانے کا کہنا تھا کہ کھلاڑی یہاں بھرپور انداز میں انجوائے کررہے ہیں ، ہوٹل سے باہر جانے کی اجازت نہ ہونے کی وجہ سے ابتدائی دنوں میں انڈور گیمزکوانجوائے کیا۔

تھریمانے کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیکیورٹی کے بہترین انتظامات ہیں اور اب تک ان کا تجربہ بہت اچھا رہا ہے۔ انہیں جب سیکیورٹی پلان بتایا گیا تھا تو اس وقت ہی وہ مطمئن ہوگئے تھے۔

سری لنکن کپتان کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے لیکن یہ کھلاڑی ریگولر ٖڈومیسٹک کرکٹ کھیلتے ہیں اور پہلے بھی سری لنکا کی قومی ٹیم کی طرف سے کھیل چکے ہیں، تمام کھلاڑیوں سے اچھی کرکٹ کی امید ہے، پاکستان ایک مضبوط سائیڈ ہے اور ہمیں معلوم ہے کہ وہ پوری طاقت کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

مہمان ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ یہاں سیریز کھیلنا پاکستان میں کرکٹ واپس لانے کیلیے بھی اہم تھا اس لیے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے کہ وہ یہاں آکر کھیلیں۔ تھریمانے کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ کیلیے بھی یہ اسپیشل موقع ہے اور اس کا حصہ بننے پرانہیں خوشی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں سری لنکن کپتان نے کہا کہ کھلاڑیوں کا فوکس سیکیورٹی پر نہیں، صرف کرکٹ پر ہے کیوں کہ انہیں اندازہ ہے کہ یہ ان کیلیے اپنا ٹیلنٹ ثابت کرنا کا ایک اچھا موقع ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ کسی اورٹیم کو تو یہ نہیں کہہ سکتے کہ یہاں آکر کھیلیں لیکن امید ہے کہ سری لنکا کے بعد دیگر ٹیمیں بھی پاکستان کا رخ کریں گی اور یہاں آکر کرکٹ کھیلیں گی۔