دوسرا ایک روزہ میچ اب 29 ستمبر کی بجائے 30 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔فائل فوٹو
دوسرا ایک روزہ میچ اب 29 ستمبر کی بجائے 30 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔فائل فوٹو

کراچی میں بارش کے باعث پاکستان سری لنکا میچ منسوخ

کراچی میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش کے بعد پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ایک روزہ میچ منسوخ ہوگیا۔

پاکستان اورسری لنکا کے درمیان دوسرا ایک روزہ میچ اب 29  ستمبر کی بجائے 30 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے سیریز کا پہلا میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جانا تھا، میچ کا ٹاس ڈھائی بجے ہونا تھا جو شہر میں بارش کے باعث تاخیر کا شکار ہوا اور بعد ازاں گراؤنڈ میں پانی بہت زیادہ جمع ہونے کی وجہ سے پہلا ایک روزہ میچ منسوخ کردیا گیا ہے۔

شہر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ایک گھنٹہ سے زائد جاری رہی جس کے سبب نیشنل اسٹیڈیم میں بہت زیادہ پانی جمع ہوگیا تھا اور گراؤنڈ عملہ یہ پانی نکالنے میں ناکام رہا۔ پہلے کہا جارہا تھا کہ میچ 20 اوورز تک محدود کردیا جائے گا تاہم اب میچ نہ ہونے کی تصدیق کردی گئی ہے۔

دوسری جانب میچ کے لیے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے۔ 5 ہزار سے زائد پولیس اور رینجرز اہلکار سیکورٹی کے فرائض انجام دے رہے تھے۔ سیریز کے تینوں مقابلے کراچی میں بالترتیب جمعہ ، اتوار اور بدھ کو شیڈول ہیں۔

رات گئے بھی شہر کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی جبکہ گزشتہ روز دوپہر کو بھی ابررحمت کی وجہ سے قومی ٹیم کی پریکٹس کچھ دیر کیلیے روکنا پڑی تھی۔

نیشنل اسٹیڈیم میں 10 برس بعد ون ڈے کرکٹ کی واپسی ہونے جارہی ہے، سری لنکن ٹیم اس بار بھی شہر قائد کے سونے میدان آباد کرنے میں پاکستان کی مدد میں پیش پیش ہے۔

2009 میں لاہور میں سری لنکن ٹیم پر دہشت گرد حملے کے بعد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے بند ہوگئے تھے۔