قابض فوجیوں نے نوجوانوں کی لاشوں کو لواحقین کے حوالے کرنے سے انکار کردیا۔فائل فوٹو
قابض فوجیوں نے نوجوانوں کی لاشوں کو لواحقین کے حوالے کرنے سے انکار کردیا۔فائل فوٹو

قابض بھارتی فوج کے منہ کوخون لگ گیا۔مزید6 کشمیری شہید

قابض بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کرکے 6 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی پر پابندیوں اورجبر کے بادل گہرے ہوتے جا رہے ہیں، مودی سرکار کے ریاستی درندے نہتے کشمیریوں کو بھنبھوڑ رہے ہیں۔آج ضلع گاندربل میں 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا گیا۔

کے ایم ایس نے بتایا کہ قابض فوج نے جموں کے ضلع رام بن کے علاقے بٹوٹے میں بھی آپریشن اور گھر گھر تلاشی کے بہانے 3 نوجوانوں کو  تشدد کرکے شہید کیا۔

قابض بھارتی فوج نے ضلع گاندربل میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران داخلی و خارجی راستوں کو بند کردیا اور چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے گھر گھر تلاشی کے دوران بنیادی انسانی حقوق کی سنگین کی پامالی کی۔

دوسری جانب ضلع رمبان میں بھی بی جے پی کے مقامی رہنما کو اغوا کرکے یرغمال بنائے جانے کا بہانہ بناکر سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے، قبل ازیں گندربال میں کیے گئے سرچ آپریشن کیلیے ایک مسافر بس کے اغوا ہونے کا ڈرامہ رچایا گیا تھا۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست کو خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد سے تاحال کرفیو نافذ ہے، اشیائے خور و نوش میں کمی اور جان بچانے والی ادویہ کا فقدان پیدا ہوگیا ہے، کاروباری سرگرمیاں ٹھپ ہیں، ذرائع آمدورفت معطل اور مواصلاتی نظام منقطع ہے۔