افغانستان میں صدارتی انتخابات میں ووٹنگ کا عمل مکمل ہو گیا جس کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے اورابتدائی نتائج کا اعلان 17 اکتوبرکو متوقع ہے۔
افغانستان میں صدارتی انتخابات میں ووٹنگ کا عمل مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بجے شروع ہوا جو سہ پہر3 بجے تک تھا تاہم افغان الیکشن کمیشن نے ووٹنگ کا دورانیہ دو گھنٹے بڑھایا جس کے بعد پولنگ 5 بجے تک جاری رہی۔
ووٹنگ مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے اور افغان الیکشن کمیشن کے مطابق ابتدائی نتائج 17 اکتوبر کو جاری کیے جائیں گے۔
صدارتی انتخابات میں افغان صدر اشرف غنی، چیف ایگزیکٹیو عبداللہ عبداللہ اور گلبدین حکمتیار سمیت 14 امیدوار وں کے درمیان مقابلہ ہے۔
صدارتی امیدواروں اشرف غنی اور عبداللہ عبداللہ اور گلبدین حکمت یار نے کابل میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ صدارتی انتخابات کیلئے 96 لاکھ ووٹرز رجسٹرڈ ہیں جن کیلئے 5 ہزار 373 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے تھے۔