چین میں 70 ویں قومی دن پر بیجنگ میں شاندار فوجی پریڈ ہوئی، جس میں عسکری طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا گیا۔
بیجنگ کے تیانن من اسکوائرپرمنگل کو ملٹری پریڈ میں 15 ہزار فوجیوں نے حصہ لیا جب کہ فوجی طاقت کے مظاہرے کے لیے جدید ہتھیاروں سمیت ہائپر سونک ڈرون اور بین البراعظمی بیلسٹک میزائلوں کی بھی نمائش کی گئی۔
چینی قومی دن پر پریڈ کے دوران رنگا رنگ فلوٹس بھی لائے گئے، قومی دن کی تقریبات رات گئے تک جاری رہیں گی۔اس پریڈ کو دیکھنے کے لیے چینی حکومت کی جانب نے انتہائی غریب گھرانوں میں 6 لاکھ 20 ہزار ٹی وی سیٹ مفت تقسیم کیے گئے تھے۔
اُس موقع پر چین کی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے فضا میں کرتب دکھائے اور 70 کے ہندسے سے فارمیشن بناتے ہوئے کمیونسٹ پارٹی کی قیادت کو سلامی دی۔
پیپلز لبریشن آرمی کی جانب سے تقریب میں جدید ٹیکنالوجی سے لیس ڈی ایف 41 نیوکلیئر بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کی نمائش بھی کی گئی جس کے بارے میں بتایا جاتا ہے وہ امریکہ میں کسی بھی مقام کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
فوجی پریڈ میں ڈی ایف 17 ہائپر سونک میزائلوں کی بھی نمائش کی گئی۔سرکاری خبر رساں ادارے ‘شنوا’ کے مطابق تیز رفتار اور بلندی پر پرواز کرنے والے ڈرون کو پہلی مرتبہ عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق منتظمین کی طرف سے چین کے قومی دن کے موقع پر شام کو ہونے والی تقریب کے موقع پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا جائے گا اور 70 ہزار کبوتر اور 70 ہزار غبارے فضا میں چھوڑے جائیں گے۔
چین کے صدر شی جن پنگ اور کمیونسٹ پارٹی کے دیگر رہنماؤں نے فوجی پریڈ کا مظاہرہ کیا۔
چینی صدر شی جن پنگ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت چینی قوم کی بنیادوں کو ہلا نہیں سکتی، ملکی ترقی اور استحکام اولین ترجیح ہے، کوئی طاقت چینی قوم کو آگے بڑھنے سے نہیں روک سکتی۔
اسی حوالے سے چین میں بین الاقوامی ایوی ایشن اور ایرواسپیس نمائش کا ایئر شو کے ساتھ شاندار آغاز ہوگیا۔ایئرشو میں ماہر پائلٹس نے اپنے فن کا بھرپور مظاہرہ کر کے دیکھنے والوں کو دنگ کردیا۔
چین کے صوبے سیچوآن کے شہر ڈیانگ میں ہونے والی پانچ روزہ نمائش کے دوران چار روزہ ایئر شو کے پہلے روز چین سمیت مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والی ایکروبیٹکس ٹیموں نے حصہ لیا۔
ماہر پائلٹس نے جہاز اُڑاتے ہوئے ایسے حیرت انگیز کرتب دکھائے کہ شائقین بھی تعریف کئے بغیر نہ رہ سکے جبکہ خطروں کے کھلاڑیوں نے پیراشوٹ جمپنگ کا بھی شاندار مظاہرہ کیا۔
یاد رہے کہ چین کا قومی دن ہر سال منایا جاتا ہے لیکن اس بار جوش و خروش کچھ زیادہ ہے جس کی وجہ چین کا عالمی سیاست میں بڑھتا کردار اور اثرورسوخ ہے۔ 10 برس قبل چین ایک عالمی طاقت بننے کی راہ پر تھا اور آج وہ امریکہ کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
دوسری جانب ہانگ کانگ میں اس دن کی مناسبت سے احتجاج کیا جا رہا ہے اور پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں۔ ونگ تائی سن کے علاقے میں مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا گیا۔
سون وان اور دیگر علاقوں میں مظاہرین ماسک پہن پر ہاتھوں میں لاٹھیوں تھامے احتجاج کرتے رہے اور پولیس سے جھڑپوں کے بعد کئی افراد کو حراست میں لیے جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔
ہانگ کانگ کی مرکزی شاہرہ پر مظاہرین میں بےچینی ہے اور مظاہرین جگہ جگہ فٹ پاتھ اکھاڑتے اور اینٹیں اکٹھی کرتے نظر آتے ہیں۔
تاہم مظاہرین کا مرکزی جلوس پرامن طریقے سے جاری ہے اور لوگوں کو گانے گاتے اور نعرے لگاتے دیکھا جا سکتا ہے۔
بیجنگ میں پریڈ کی تصویری جھلکیاں
واضع رہے کہ یکم اکتوبر1949 کو آزادی حاصل کرنے والا چین بڑے فخر سے اپنا سترواں جشنِ آزادی منارہا ہے۔ ستر سال پہلے طویل ترین خانہ جنگی کے بعد جب چین نے آزادی حاصل کی تھی تو چین کے عظیم رہنما چیئرمین ماؤزے تنگ نے دارالحکومت بیجنگ کے مرکز میں واقع تھیان من کے مرکزی دروازے کے چبوترے پر کھڑے ہوکر عوامی جمہوریہ چین کے قیام کا اعلان کیا تھا۔
اس اعلان کے بعد پاکستان دنیا کا وہ واحد ملک تھا جس نے چین کی حیثیت کو تسلیم کیا تھا۔ اس اہم موقع کے دو برس بعد اکیس مئی 1951 کو چین اور پاکستان کے درمیان باقاعدہ طورپرسفارتی تعلقات قائم ہوئے۔