پاکستان نے تیسرے اور آخری مقابلے میں سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دے کرتین میچوں کی سیریز 0-2 سے جیت لی۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کا 298 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پرحاصل کرلیا، ہدف کے تعاقب میں عابد علی، فخرزمان اور حارث سہیل نے نصف سنچریاں بنا کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
فخر زمان اور عابد علی پر مشتمل گرین شرٹس کی نئی جوڑی نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 123 رنزکا اوپننگ اسٹینڈ فراہم کیا۔
امام الحق کی جگہ ٹیم میں شامل ہونے والے عابد علی نے اپنا انتخاب درست ثابت کرتے ہوئے 74 رنز کی باری کھیلی، انہوں نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے صرف 37 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی ، ان کی اننگز میں 10 دلکش چوکے بھی شامل تھے۔
جب کہ فخرزمان نے بھی نصف سنچری بنائی، وہ 76 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ، ان کی اننگز میں 1 چھکا اور7 چوکے شامل تھے۔
بابر اعظم مجموعے میں 31 رنز کا اضافہ کر کے چلتے بنے جس کے بعد کپتان سرفراز احمد اور حارث سہیل کے مابین 55 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی تاہم آؤٹ آف فارم کپتان سرفراز احمد ایک بار پھر ناکام رہے اور 22 رنز پر بولڈ ہوگئے۔
حارث سہیل ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو کامیابی کے قریب لے آئے لیکن فتح سے چند قدم کی دوری پر وہ افتخار احمد کا ساتھ چھوڑ گئے۔انہوں نے 56 رنز بنائے جس میں 3 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
افتخار احمد نے وننگ شارٹ کھیلا اور ٹیم کو 10 گیندوں قبل فتح سے ہمکنار کرادیا وہ 28 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ وہاب ریاض نے بھی ایک رن بنا کر کامیابی میں اپنا حصہ ڈالا۔سری لنکا کی جانب سے پرادیپ نے 2، کمارا، ڈی سلوا اور جے سوریا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔