سعودی عرب نے اسلامی جمہوریہ ایران کیساتھ مذاکرات کے لیے گرین سگنل دے دیا ہے،بین الاقوامی میڈیا کے مطابق عراق کے وزیراعظم عبدالمہدی ایران اور سعودی عرب کے درمیان ثالثی کے لیے کوشاں ہیں۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق عبدالہمدی دورہ ریاض کے بعد جلد تہران کا بھی دورہ کریں گے جب کہ ایران کے صدر حسن روحانی اور محمد بن سلمان کے درمیان بغداد میں ملاقات کے لیے بھی کوششیں کی جارہی ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق عراقی وزیراعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران اور سعودی عرب نے مذاکرات سے قبل اپنی اپنی شرائط سے آگاہ کیا ہے۔
خیال رہے کہا کہ قبل ازیں سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر نے ایرانی حکام کی طرف سے مصالحت کا پیغام بھیجے جانے کا دعویٰ مسترد کردیا تھا۔
عادل الجبیر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ اپنے پیغام میں برادر ممالک کے ساتھ مختلف امور میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا تھا۔
انہوں نے واضح کیا کہ سعودی عرب بھی خطے میں سلامتی و استحکام کا خواہاں ہے۔ سعودی عرب کے وزیرمملکت برائے خارجہ امور کے مطابق برادر ممالک پر واضح کیا گیا ہے کہ صلح کی پیش کش اس کی جانب سے آنی چاہیے جو جارحیت کی راہ پرگامزن ہو اورافراتفری پھیلانے کی کوشش میں مصروف ہو۔