پاکستان میں ٹوئٹر پر وزیراعظم کی سالگرہ کے حوالے سے ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔فائل فوٹو
پاکستان میں ٹوئٹر پر وزیراعظم کی سالگرہ کے حوالے سے ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔فائل فوٹو

وزیراعظم عمران خان آج 67برس کے ہو گئے

وزیراعظم عمران خان آج 67برس کے ہو گئے ہیں،عمران خان 5 اکتوبر1952 کولاہور میں پیدا ہوئے۔

پنے قائد کی سالگرہ منانے کے لیے عمران خان کے چاہنے والے سوشل میڈیا پر انتہائی متحرک ہیں اور انہوں نے کپتان کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ پاکستان میں ٹوئٹر پر وزیراعظم کی سالگرہ کے حوالے سے ٹاپ ٹرینڈ بن گیا ہے۔

عمران خان کو تحریک انصاف کے رہنماﺅں، وزرا اور عام افراد نے بھی مبارکباد پیش کی ہے۔ دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماﺅں نے بھی ان کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

اس موقع پران کیلیے پاکستان سمیت پوری دنیا سے مداح سوشل میڈیا پر مبارک باد کے پیغامات جاری کر رہے ہیں اوراب آئی سی سی نے بھی پیغام جاری کر دیاہے۔

عمران خان کے والد کا نام اکرام اللہ خان نیازی اور والدہ کا نام شوکت خانم ہے۔ انہوں نے اپنی والدہ کے نام پر ہی کینسر کے علاج کے لیے مشہور شوکت خانم اسپتال بنایا۔ عمران خان اپنے والدین کے اکلوتے بیٹے ہیں جبکہ ان کی 4 بہنیں ہیں۔

عمران خان کا تعلق پشتونوں کے نیازی قبیلے سے ہے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم لاہور سے حاصل کی، پھر اعلیٰ تعلیم کے لیے برطانیہ چلے گئے جہاں اوکسفرڈ یونیورسٹی سے گریجویشن کیا۔ تعلیم حاصل کرنے کے بعد انہوں نے 1971 میں 18 سال کی عمر میں پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم میں شمولیت اختیار کی۔

خان نے 1982 سے 1992 کے درمیان کپتان کے فرائض بھی سر انجام دیے اور ان ہی کی قیادت میں 1992ء میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے ورلڈ کپ جیتا۔ 1994 میں انہوں نے سیاست میں عملی قدم رکھا اور جماعت اسلامی سے الگ ہونے والی تنظیم پاسبان میں شمولیت اختیار کی۔

پھر 25 اپریل 1996ء کو باقاعدہ اپنی سیاسی جماعت تحریک انصاف قائم کی۔ ان کی جماعت نے خصوصا نوجوانوں میں تیزی سے مقبولیت حاصل کی۔ تحریک انصاف نے 2013 کے الیکشن میں خیبر پختون خوا میں اکثریت حاصل کی اور صوبائی حکومت بنانے میں کامیاب ہوگئی۔

پھر 2018 کے الیکشن میں پی ٹی آئی نے ملک بھر میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے وفاق میں برسراقتدار آگئی اور عمران خان 17 اگست 2018ء کو وزیراعظم پاکستان منتخب ہوگئے۔

عمران خان نے تین شادیاں کیں اور ان کے دو بیٹے ہیں۔ انہوں نے پہلی شادی 1995ء میں برطانوی شہری جمائما گولڈ اسمتھ سے کی جن سے ان کے دو بیٹے سلیمان اور قاسم ہوئے۔ 2004 میں ان کی طلاق ہوگئی۔

پھر کپتان نے دوسری شادی 2015ء میں پاکستانی صحافی ریحام خان سے کی اور چند ماہ بعد اسی سال ان کی علیحدگی ہوگئی۔ ان کی تیسری شادی 2018ء میں بشریٰ بی بی سے ہوئی۔