پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے مابین تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ آج قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔
قومی ٹیم کی کپتانی سرفراز احمد کے سپرد ہے جبکہ سری لنکا کی کپتانی دشن شاناکا کریں گے۔
گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ سری لنکا کی ٹیم میں بڑے کھلاڑیوں کی عدم موجودگی کے باوجود اس ٹیم کو ہلکا نہیں لے سکتے۔
انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی میچ ایک اچھی کارکردگی کی وجہ سے جیتا جا سکتا ہے، چاہے وہ بلے بازی کے شعبے میں ہو یا پھر گیند بازی کے شعبے میں۔
ان کا کہنا تھا کہ احمد شہزاد اور عمراکمل کی ٹیم میں واپسی پر خوش ہوں، دونوں تجربہ کار کھلاڑی ہیں۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 6 بج کر 30 منٹ شروع ہو گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلے ٹی ٹونٹی میچ کی ٹکٹس فروخت ہو چکی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق میچ کے دوران بارش کا امکان موجود نہیں تاہم شام کے وقت اوس پڑنے سے میدان گیلا ہو سکتا ہے۔