مقبوضہ کشمیر میں ڈپٹی کمشنر کے دفترپرتعینات پولیس اہلکاروں پر نامعلوم افراد نے دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے جس کے نتیجے میں 10 افراد زخمی ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع اننت ناگ میں ڈپٹی کمشنر کے دفتر پر دستی بم حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں 10افراد زخمی ہوگئے جن میں سے 2 کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ زخمیوں میں پولیس اہلکار اور صحافی بھی شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ نامعلوم حملہ آور ڈپٹی کمشنرکے دفترمیں گھسنا چاہتے تھے تاہم دروازے پر تعینات اہلکاروں نے انہیں روک لیا جس پرحملہ آوراہلکاروں پردستی بم پھینک کرفرارہوگئے۔ کسی گروپ نے گرینیڈ حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی ۔
حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کے داخلی اورخارجی راستوں کو بند کرکے سرچ آپریشن کا آغاز کردیا، گھر گھر تلاشی کا عمل جارہی ہے تاہم گرفتاریوں کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ 5 اگست کو کشمیرکی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد سے یہ دوسرا دستی بم حملہ ہے۔ پہلا حملہ 28 ستمبر کو سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی ایک بٹالین پرگرینیڈ حملہ کیا گیا تھا تاہم حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔