کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ریکارڈ کی گئی جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
کراچی میں گلستان جوہر، ملیر کینٹ، صدر، آئی آئی چندریگر روڈ، لانڈھی، سرجانی ٹاؤن، جناح ٹرمینل اور یاسین آباد میں رات گئے سے صبح تک کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ رات گئے سے صبح تک ہونے والی بارش کے ریکارڈ کے مطابق سب سے زیادہ 10.5ملی میٹر بارش لانڈھی میں ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سرجانی میں 8.2 ملی لیٹر، پی اے ایف فیصل پر4 ملی میٹر، پی اے ایف بیس مسرور میں 2 ملی میٹر، ائیرپورٹ اولڈ ایریا میں 1.2 ملی میٹر، جناح ٹرمینل پر 2.4 ملی میٹر، صدر اور یونیورسٹی روڈ پر ایک ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
ایک طرف بارش کے بعد ٹھنڈی ہواؤں نے موسم خوشگوار کر دیا تو دوسری طرف مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہونے کے باعث شہریوں کو مشکل کا سامنا کرنا پڑا۔
ترجمان کے الیٹرک کا کہنا ہے کہ اورنگی، گلستان جوہر، بن قاسم اور بلدیہ میں احتیاطاً بجلی بند کی گئی ہے، اس لیے غیر قانونی ذرائع سے بجلی کا حصول ہرگز نہ کریں۔
ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا تھا کہ کسی بھی شکایت کی صورت میں 118 پر فوری رابطہ کریں۔
اس کے علاوہ ترجمان کے الیکٹرک نے ہدایت کی کہ بارش کے موسم میں احتیاط ضروری ہے، شہری ٹوٹے ہوئے تاروں، بجلی کے کھمبوں اور پی ایم ٹیز سے دور رہیں۔
دوسری جانب سکھر، لاڑکانہ، گھوٹکی، نواب شاہ، شکارپور سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش کے باعث مختلف شہروں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی۔
پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بارش سے خنکی بڑھ گئی، احمد پور شرقیہ، چنی گوٹھ، رحیم یار خان اور صادق آباد میں بھی سردی نے دستک دیدی۔
موسم کی خبر دینے والوں کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے جنوبی علاقوں میں موسلادھار بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ خیبر پختونخوا، کشمیر، جنوبی پنجاب، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں بھی چند مقامات پر بادل برسیں گے۔