اسلام آباد ہائی کورٹ نے شہریوں کے لیے پراپرٹی ٹیکس میں 200 فیصد اضافے کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے جماعت اسلامی کے نائب امیر میاں محمد اسلم کی درخواست پر سماعت کی جس میں اسلام آباد کے شہریوں کے لیے پراپرٹی ٹیکس میں 200 فیصد اضافے کے نوٹیفکیشن کو چیلنج کیا گیا تھا۔
درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) نے ٹیکس میں 200 فیصد اضافہ کر کے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا۔
عدالت نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت تک ایم سی آئی شہریوں کے خلاف کوئی کارروائی نہ کرے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایم سی آئی اورکیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں میں جواب بھی طلب کرلیا۔