وزیراعظم عمران خان کی چینی صدرشی جن پنگ سے ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امورپرتبادلہ خیال کیا گیا،ملاقات میں خطے کی سیکیورٹی اور مقبوضہ کشمیرکی صورتحال پربھی بات چیت ہوئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی،ملاقات میں دوطرفہ تعلقات ،علاقائی اورعالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاک چین سدا بہار شراکت داری دونوں ممالک کے بنیادی مفادات کو تحفظ فراہم کرتی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ چین پاکستان کا آئرن برادر، ثابت قدم اتحادی اور شراکت دار ہے، چین نے ہمیشہ قومی مفادات پر پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا، پاکستان چینی مفادات پراس کی بھرپور حمایت کرتا رہے گا۔
وزیر اعظم نے کہاکہ چین پاکستان کی اقتصادی ترقی اور اہداف کے حصول میں اہم کردار ادا کررہا ہے، چینی صدر کا بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ پاکستان اور خطے کی اقتصادی صورتحال میں تبدیلی اور خوشحالی لائے گا، سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
اس موقع پر چینی صدر نے کہا کہ چین کے پاکستان کے ساتھ تعلقات مضبوط اور مستحکم ہیں،مستقبل میں پاک چین تعلقات مزید گہرے اور مضبوط ہوں گے ، پاکستان کی خودمختاری اورعلاقائی سلامتی کےلیے غیرمتزلزل حمایت جاری رکھیں گے، انہوں نے سماجی و معاشی ترقی پر مبنی حکومتی ایجنڈے اور سی پیک منصوبوں میں تیزی لانے پر پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے سے قومی اور علاقائی معاشی ترقی کے عمل میں مدد ملے گی۔ معاشی اصلاحات کے ذریعے پاکستان مستحکم معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ اس کے علاوہ دونوں رہنماؤں نے پر امن اور مستحکم افغانستان کے خطے کی معاشی ترقی میں کردار پر اتفاق کیا۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے گذشتہ روز بیجنگ میں چینی ہم منصب سے ملاقات کی جس میں وزیراعظم عمران خان نے چین کے وزیراعظم کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقو ق کی پامالیوں اور لاک ڈاؤن سے آگاہ کیا۔ عمران خان نے کہا کہ بھارتی ظلم و ستم ختم کروانے اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لیے عالمی برادری فوری اپنا کردار ا دا کرے۔
چین کے وزیراعظم سے ون آن ون ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس آئی، وزیر خارجہ اور دیگر وفاقی وزراء بھی شریک ہوئے۔
ملاقات کے بعد معاشی و اقتصادی شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔ وزیراعظم عمران خان سے چینی سرمایہ کاروں اور بڑی کمپنیوں کے سربراہان نے بھی الگ الگ ملاقات کی اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے تبادلہ خیال کیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی نے کہاکہ چین کی قیادت اور وفود کی سطح پر مذاکرات میں تجارتی واقتصادی تعاون کے فروغ پربات ہوئی ،چین کی قیادت کیساتھ سی پیک سے متعلق بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان گزشتہ روز 2 روزہ دورے پر بیجنگ پہنچے تھے جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، وزیراعظم نے چینی ہم منصب سمیت دیگر عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں اور دوطرفہ تعاون کے معاہدوں پر دستخط کیے گئے ۔