جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں سمندری طوفان ’ہگی بس‘ کے باعث25 افراد ہلاک اور166 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
جاپانی میڈیا کے مطابق جاپان میں آنے والے سمندری طوفان ’ٹائفون ہگی بس‘ کو گزشتہ 60 سال بعد خطرناک ترین طوفان کہا جارہا ہے جس میں لینڈسلائیڈنگ کے باعث اب تک25 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے جب کہ 166 سے زائد زخمی اور درجنوں افراد لاپتہ ہیں۔
خبر رساں ادارے کے مطابق سمندری طوفان ’ ہگی بس‘ جاپان کے جنوب مغرب میں واقع جزیرہ نما علاقے ’ایزو‘ سے ٹکرانے کے بعد 225 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے مشرقی ساحل کی جانب بڑھ رہا ہے۔ جاپانی حکومت نے 60 لاکھ افراد کو فوری طور پر گھربار چھوڑ کر محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کی ہیں۔
جاپان کے تاریخ کے خطرناک ترین طوفان سے جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو سمیت متعدد علاقوں میں سیلاب آچکا ہے جس کے باعث درجنوں درخت اکھڑچکے ہیں اور کئی علاقوں کی بجلی بھی غائب ہے، ملکی وبیرون ملکی پروازیں اور ٹرینیں منسوخ ہوگئی ہیں۔
اس کے علاوہ جاپان میں ہونے والے انٹرنیشنل میچز بھی منسوخ کردیے گئے ہیں جب کہ حکومت نے طوفان میں پھنسے افراد کو نکالنے کیلیے ایمرجنسی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔
واضح رہے جاپان میں 1958 میں آنے والے طوفان کو خطرناک ترین طوفان کہا جاتا ہے جس میں 12 سو زائد افراد ہلاک، زخمی اور لاپتہ ہوئے تھے۔