بی ایس ایف بنگلہ دیش کی سرحد میں داخل ہو گئی تھی ۔فائل فوٹو
بی ایس ایف بنگلہ دیش کی سرحد میں داخل ہو گئی تھی ۔فائل فوٹو

 بھارت اور بنگلہ دیش سرحد پر جھڑپ۔بھارتی اہلکار ہلاک

 بھارت اور بنگلہ دیش کی سرحد پرہونے والی جھڑپ میں انڈیا کی بارڈر سیکیورٹی فورس کا ایک جوان ہلاک ہو گیا۔

بی ایس ایف کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا کہ ہیڈ کانسٹیبل وجے بھان سنگھ بارڈر گارڈز بنگلہ دیش کے ساتھ ایک فلیگ میٹنگ کے دوران ہلاک ہو گئے۔

دوسری طرف بارڈر گارڈز بنگلہ دیش کے لیفٹنٹ کرنل فردوس محمود نے، جو راجشاہی ضلع کے کمانڈنگ آفیسر ہیں، نے کہا کہ بی ایس ایف بنگلہ دیش کی سرحد میں داخل ہو گئی تھی جہاں انہوں نے پہلے فائرنگ کی اور پھر ان پر جوابی فائرنگ کی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ ایک فلیگ میٹنگ طے تھی۔ انہوں نے بارڈر گارڈز بنگلہ دیش کے کسی جانی نقصان کی تردید کی۔

بی ایس ایف کا کہنا تھا کہ صورتحال اس وقت قابو سے باہر ہو گئی جب بی ایس ایف نے جمعرات کو بھارت کے کچھ مچھیروں کی گرفتاری کے لیے بارڈر گارڈز بنگلہ دیش سے رابطہ کیا۔ یہ مچھیرے مرشد آباد ضلع میں بنگلہ دیش اورانڈیا کی سرحد پر دریائے پدما میں مچھلی پکڑ رہے تھے۔

بی ایس ایف کے ایک افسر بی ایس گلیریا نے بتایا کہ ’بارڈر گارڈز بنگلہ دیش کے ساتھ شام پانچ بجے ایک فلیگ میٹنگ ہوئی۔ میٹنگ کے بعد حراست میں لیے گئے مچھیروں نے وہاں سے چلنے سے انکار کر دیا اور پھر بارڈر گارڈز بنگلہ دیش کے اہلکاروں نے ہمارے جوانوں کو چاروں طرف سے گھیر لیا۔‘

تاہم بارڈر گارڈز کے کرنل فردوس محمود نے کہا کہ بی ایس ایف کے کسی اہلکار کی ہلاکت بنگلہ دیش کی سرحد میں نہیں ہوئی۔

بھارت کے ایک سابق اہلکار نے کہاکہ یہ غیرمعمولی واقعہ ہے کیونکہ ماضی میں فلیگ میٹنگ کے دوران کبھی فائرنگ نہیں ہوئی۔