بھارتی اسپنر شہباز ندیم نے ایک ہی اوور میں دونوں وکٹیں حاصل کیں۔فائل فوٹو
بھارتی اسپنر شہباز ندیم نے ایک ہی اوور میں دونوں وکٹیں حاصل کیں۔فائل فوٹو

تاریخ رقم۔بھارت نے ٹیسٹ سیریز میں جنوبی افریقہ کو کلین سوئپ کردیا

بھارت نے جنوبی افریقہ کو تیسرے ٹیسٹ میچ میں ایک اننگز اور 202 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 0-3 سے اپنے نام کرلی۔

رانچی میں منگل کو کھیلے گئے میچ کے چوتھے روز میزبان ٹیم کو جیت کے لیے صرف دو وکٹیں درکار تھیں اور یہ میچ 12 گیندوں پر ہی اختتام پذیر ہوا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اپنا ڈیبیو میچ کھیلنے والے بھارتی اسپنر شہباز ندیم نے ایک ہی اوور میں دونوں وکٹیں حاصل کیں۔ ڈی بروئن 30 اور لنگی نگیڈی بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔اس کامیابی کے ساتھ ہی بھارت نے جنوبی افریقہ کو پہلی بار ٹیسٹ سیریز میں تین صفر سے کلین سوئپ کر کے نئی تاریخ رقم کردی۔

اس سے قبل پہلے اور دوسرے ٹیسٹ میں بھی بھارت نے جنوبی افریقہ کو شکست دی تھی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان بھارتی سر زمین پر اب تک 32 ٹیسٹ میچز ہوچکے ہیں جن میں سے 26 میچوں میں بھارت کو کامیابی ملی۔بھارت نے جنوبی افریقہ کے خلاف اپنی پہلی اننگز نو وکٹوں کے نقصان پر 497 رنز پر ڈکلیئر کردی تھی۔ فالو آن کا شکار مہمان ٹیم پہلی اننگز میں 162 اور دوسری اننگز میں صرف 133 رنز بناسکی۔

رانچی ٹیسٹ میں بھارتی ٹیم کی فتح کا سہرا روہت شرما کے سر ہے جنہوں نے پہلی اننگز میں ڈبل سنچری بناتے ہوئے 212 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ نائب کپتان اجنکیا ریہانے 115، رویندرا جڈیجا 51 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

دوسری اننگز میں جنوبی افریقہ کے سات بیٹمسمین ڈبل فیگر میں بھی شامل نہ ہوسکے اور تیونس دی بروئن 30 رنز کے ساتھ سرفہرست رہے۔بھارت کی جانب سے دوسری اننگز میں محمد شامی نے تین، اومیش یادو اور شہباز ندیم نے دو دو جب کہ ایشون اور جڈیجا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔