آزادی مارچ کے آغاز سے چند روز قبل جمعیت علمائے اسلام (ف) نے بسوں کی عدم دستیابی پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو خط لکھ دیا۔
اپنے کھلے خط میں جے یوآئی (ف) سندھ کے جنرل سیکریٹری راشد محمود سومرو نے کہا کہ متحدہ حزب اختلاف کا وفاقی حکومت کے خلاف مشترکہ آزادی مارچ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جے یوآئی نے جن ٹرانسپوٹرز سے گاڑیاں بک کرائیں تھیں ان کو نامعلوم لوگ دھمکا رہے ہیں۔
راشد محمود سومرو نے کہا کہ ہمیں اپنے آئینی اورجمہوری حق سے روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ان کے مطابق سکھر، شرقی کراچی، نواب شاہ، خیرپور، سانگھڑاورمٹیاری میں ٹرانسپورٹرزکو دھمکایا جا رہا ہے اور ان کو کہا جا رہا ہے کہ اگر آپ نے گاڑیاں دی تو آپ کے روٹ پرمٹ منسوخ کر دیئے جائیں گے۔
انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ اس سنگین مسئلے کو فوری طور پر حل کیا جائے اور ہمارا آئینی حق بحال کریں۔خط میں جے یوآئی رہنما کا کہنا تھا کہ ٹرانسپوٹرز کا اعتماد بحال کریں تاکہ وہ اس مشکل صورتحال سے نکل سکیں۔
راشد محمود سومرو نے وزیراعلیٰ سندھ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ فوری طور پر ایکشن لیں اور ٹرانسپوٹرز کا اعتماد بحال کریں کہ ان کے خلاف کوئی کارروائی نہ ہو۔
خط میں مزید کہا گیا کہ جے یوآئی کا آزادی مارچ کرنا جمہوری حق ہے اس سے کوئی بھی ان کو روک نہیں سکتا۔