امریکا داعش کو کبھی آئل تنصیبات پر دوبارہ منظم نہیں ہونے دے گا۔فائل فوٹو
امریکا داعش کو کبھی آئل تنصیبات پر دوبارہ منظم نہیں ہونے دے گا۔فائل فوٹو

امریکا کا شام میں اضافی فوجی دستے تعینات کرنے کا اعلان

امریکا نے شام میں تیل تنصیبات کی حفاظت کیلیے اضافی فوجی دستوں کی تعیناتی کا اعلان کردیا۔

عرب خبر رساں ادارے کے مطابق پینٹاگون کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ امریکی منصوبے کی دوبارہ بحالی شام کی ڈیموکریٹک فورس (ایس ڈی ایف) کے تعاون سے کی جائے گی جو شمالی شام میں آئل تنصیبات کو داعش اور آئی ایس آئی ایل کے قبضے میں جانے سے روکے گی۔

پینٹاگون کا کہنا ہےکہ امریکا اپنے اتحادی ایس ڈی ایف کے تعاون کے ساتھ اپنی پوزیشن کی دوبارہ بحالی پر کاربند ہے جب کہ شمالی شام میں اضافی فوجی دستے آئل تنصیبات کے داعش یا دیگر شرپسند عناصر کے واپس قبضے میں جانے سے روکنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

سابق امریکی عہدیدار نے کہا کہ پالیسی میں ایک اور تبدیلی کے تحت امریکا کی جانب سے شمالی شام میں فوجی دستوں کی تعیناتی تاریخ اور جغرافیہ کو بری طرح نظرانداز کرنا ہے۔

گزشتہ روز امریکی صدر نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا تھا کہ امریکا داعش کو کبھی آئل تنصیبات پر دوبارہ منظم نہیں ہونے دے گا۔

واضح رہےکہ امریکی صدر ٹرمپ نے حال ہی میں شمالی شام سے امریکی افواج کے انخلاء کا اعلان کیا تھا جس کے بعد ترکی نے شام میں کرد ملیشیا کے خلاف آپریشن شروع کیا۔