افغانستان کے 2 صوبوں میں امریکا اورافغان سیکیورٹی فورسزکی مشترکہ فوجی کارروائی میں 80 شہری جاں بحق گئے۔
بین الاقوامی خبررساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے قندھاراورفریاب میں امریکی فضائیہ نے افغان انٹیلی جنس ادارے کی معاونت سے جنگجوؤں کے ٹھکانوں پربمباری کی جس کے نتیجے میں 80 شہری جاں بحق گئے۔
افغان وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فضائی آپریشن میں قندھار کے اضلاع معروف اور شاہ ولی میں 33 طالبان جنگجو ہلاک اور 8 زخمی ہوئے جب کہ 47 جنگجو فریاب میں مارے گئے۔ افغان فوج نے زخمی جنگجوؤں اور بھاری اسلحے کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔
دوسری جانب مقامی طالبان کے ترجمان قاری یوسف نے میڈیا کو بتایا کہ قندھارمیں جنگجوؤں نے ایک کامیاب کارروائی میں امریکی فوج کی ایک گاڑی کو دھماکا خیز مواد سے اُڑایا ہے جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار تمام امریکی اہلکار مارے گئے، تاہم اس دعوے کی افغان حکومت یا امریکی حکام سے تصدیق نہیں ہوسکی۔
واضح رہے کہ امریکا اور طالبان کے درمیان امن مذاکرات کو آخری مرحلے میں صدر ٹرمپ کی جانب سے اچانک بند کرنے کے بعد سے افغانستان میں صورت حال مزید کشیدہ ہو گئی ہے۔