جمعیت علمائے اسلام (ف) کا آزادی مارچ رات ملتان میں قیام کے بعد لاہورکی جانب رواں دواں ہوگیا، بلوچستان سے آنے والا قافلہ بھی آزادی مارچ میں شامل ہوگیا۔
مولانا فضل الرحمن کی زیر قیادت آزادی مارچ خانیوال پہنچ گیا جہاں مارچ کے شرکا کا بھرپور استقبال کیا گیا۔
آزادی مارچ کے شرکا آج رات لاہور پہنچیں گےجہاں ٹھوکر، ملتان چونگی، سمن آباد اور بتی چو ک سمیت جگہ جگہ استقبال کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔
طبل جنگ بچ چکا،پیچھے نہیں ہٹیں گے۔مولانافضل الرحمن
آزادی مارچ براستہ پنوعاقل، گھوٹکی، اوباڑو سے پنجاب میں داخل ہوا، قافلہ صادق آباد، رحیم یار خان سے ہوتا ہوا ملتان پہنچا، آج لاہور کے لہے روانہ ہوگیا۔ بلوچستان کے قافلے دوسرے روز لورالائی سے شروع ہوئے، ڈی جی خان پہنچنے پر بھرپور استقبال کیا گیا، وہاں سے کاروان مظفر گڑھ روانہ ہوا، ملتان پہنچنے پر اپوزیشن جماعتوں کے کارکنوں نے خیر مقدم کیا۔
گزشتہ شب قافلہ جیسے ہی سندھ کے سرحدی علاقے کمبو شہید سے آگے پنجاب کی حدود کوٹ سبزل میں داخل ہوا تو مارچ کے شرکا کا بھرپور استقبال کرتے ہوئے ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔