سکھر ایکسپریس کی 2 بوگیوں میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگ گئی تاہم حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
سانحہ تیز گام ایکسپریس کے بعد بھی ریلوے حکام کی آنکھیں نہ کھلیں، شکار پور کے قریب سکھر ایکسپریس میں بھی آگ لگ گئی، علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ پر قابو پا کر مسافروں کو ریسکیو کیا۔
پولیس کے مطابق آگ لوڈرا کے قریب شارٹ سرکٹ کے سبب بوگیوں کے درمیان ربڑ کے پائیدان کو لگی جس نے بعد ازاں دونوں بوگیوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔ ریلوے حکام نے بروقت اطلاع ملنے پر ٹرین روکی اور آگ سے متاثرہ بوگیوں کو ٹرین سے علیحدہ کر دیا۔
آگ بجھانے کے بعد ٹرین کو منزل روانہ کر دیا گیا، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ سکھر ایکسپریس کراچی سے جیکب آباد جا رہی تھی۔
ڈی ایس ریلوے سکھر کے مطابق آگ لگنے کے حوالے سے تحقیقاتی ٹیم روانہ کر دی گئی ہے، جو آتشزدگی کے اسباب کا جائزہ لے کر کل تک رپورٹ جمع کروائے گی۔ ریلوے حکام کے مطابق پہلے کبھی اس طرح کا واقعہ پیش نہیں آیا، تخریبی عنصر کو بھی رد نہیں کیا جا سکتا۔
نجی ٹی وی کے مطابق کراچی سے جیکب آباد جانے والی سکھرایکسپریس کی دو بوگیوں میں شکار پورکے قریب شارٹ سرکٹ سے آگ بھڑک اٹھی جسے مسافروں اورعلاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بجھایا اورمسافروں کو ریسکیو کیا تاہم کسی قسم کے نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی سے راولپنڈی آنے والی تیزگام کی تین بوگیوں میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں 74 افراد جاں بحق ہو گئے تھے جبکہ درجنوں زخمی ہیں ۔ حکومت نے جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ کیلئے پندرہ لاکھ جبکہ زخمیوں کیلیے پانچ لاکھ روپے کی امداد کا اعلان کیاہے۔