حوثی باغیوں سے سعودی اتحادی فوج کے ساتھ جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔فائل فوٹو
حوثی باغیوں سے سعودی اتحادی فوج کے ساتھ جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔فائل فوٹو

یمن کی سرحد پرحملے میں 2 سعودی فوجی جاں بحق

سعودی عرب میں یمن کی سرحد کے نزدیکی صوبے جازان میں سعودی فوج کے 2 اہلکارایک حملے میں جاں بحق ہوگئے۔

سعودی پریس ایجنسی کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’جازان کے شمالی علاقے میں سرحد کے نزدیک دو فوجی اہلکاروں نے ملک کے دفاع اور سرزمین کی حفاظت میں جام شہادت نوش کیا۔

سعودی پریس ایجنسی کی جاب سے بیان میں فوجیوں کی شناخت اور واقعے کی تفصیلات نہیں بتائی گئی ہیں تاہم اس علاقے میں حوثی باغیوں سے سعودی اتحادی فوج کے ساتھ جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔

رواں برس حوثی باغیوں کی جانب سے جازان پر داغے گئے 10 سے زائد میزائلوں اورڈرون حملوں کو سعودی فوج نے فضا میں ہی ناکارہ بنادیا تھا تاہم کچھ میزائل ابہا کے ہوائی اڈوں پربھی گرے تھے جس میں ایک شہری جاں بحق اور متعدد زخمی بھی ہوئے تھے۔

واضح رہے کہ یمن میں حوثی باغیوں اور سعوی سربراہی میں قائم عسکری اتحاد کے درمیان ستمبر2014 سے جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے جس میں سیکڑوں شہری ہلاک اور ہزاروں بے گھرہوگئے ہیں جب کہ 80 لاکھ سے زائد بچوں کو غذا کی کمی کا سامنا ہے۔