سری نگر کی سبزی منڈی میں نامعلوم افراد دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور پیرا ملٹری پولیس کے 3 اہلکاروں سمیت 34 افراد زخمی ہوگئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سری نگرکے علاقے ہری سنگھ اسٹریٹ پر واقع سبزی منڈی میں دستی بم حملہ کیا گیا ہے، حملہ اس وقت کیا گیا جب مارکیٹ میں گاہکوں کا ہجوم تھا، حملے کی زد میں آکرایک شخص ہلاک اور34 زخمی ہوگئے، زخمیوں میں پیرا ملٹری پولیس فورس کے 3اہلکار بھی شامل ہیں۔15 دنوں میں یہ تیسرا دستی بم حملہ ہے۔
ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں 2 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔
گزشتہ ماہ کی 28 تاریخ کو سوپور میں بس اسٹینڈ پر ہونے والے گرنیڈ حملے میں 20 شہری زخمی ہوگئے تھے، 12 اکتوبر کو ایک مارکیٹ پر گرنیڈ حملے میں 5 افراد زخمی ہوگئے تھے۔ اس کے علاوہ 26 ستمبر کو سینٹرل ریزرو پولیس فورس پر ہونے والے گرنیڈ حملے میں 6 اہلکار زخمی ہوئے تھے۔