مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کا لاک ڈاؤن 94 ویں روز میں داخل ہوگیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ وادی میں 94 ویں روز سے مسلسل کرفیو نافذ ہے، وادی بھر میں تمام مواصلاتی رابطے، انٹرنیٹ سروس اور دیگر طبی سہولیات معطل ہیں۔
مظلوم کشمیری خوراک، ادویات اور دیگر ضروریاتِ زندگی سے محروم ہیں جبکہ وادی میں قحط کی صورت حال پیدا ہوگئی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کشمیری رہنماؤں، نوجوانوں سمیت بچے بھی جیلوں میں قید ہیں ، 4 ماہ سے کشمیریوں کو نماز جمعہ مساجد میں ادا کرنے نہیں دی جا رہی۔
کرفیو اور پابندیوں کے باعث اب تک مقامی معیشت کو ایک ارب ڈالر کا نقصان ہوچکا ہے جبکہ ہزاروں لوگ بے روزگار ہوچکے ہیں۔
کنٹرول لائن کے دونوں اطراف اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یوم شہدائے جموں منا رہے ہیں جبکہ مہاراجہ ہری سنگھ کی فورسز نے نومبر1947 کے پہلے ہفتے میں پاکستان ہجرت کرنے والے جموں کے لاکھوں کشمیریوں کو شہید کیا تھا۔