جنوبی وزیرستان میں مسلح ڈاکوؤں نے سوا کروڑ روپے کے 23 بوری چلغوزے لوٹ لیے۔
عینی شاہدین کے مطابق وانا میں مسلح نقاب پوش رات گئے حسن گودام کی دیوار پھلانگ کر اندرداخل ہوئے اور وہاں موجود چوکیدار اور دیگر افراد پر اسلحہ تان کر یرغمال بنالیا۔ ڈاکوؤں نے نہ صرف اسلحہ کے زور پر نقدی اور موبائل چھینے بلکہ گودام سے 23 بوری چلغوزے بھی لوٹ کر ڈبل کیبن گاڑی میں رکھے اورفرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
متاثرہ تاجروں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ لوٹے گئے چلغوزوں کی قیمت ایک کروڑ بیس لاکھ بنتی ہے۔ تاجر نبوت خان اوران کے دیگر ساتھیوں نے سٹی تھانہ وانا میں نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر کٹوادی۔
پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہیں اور ڈاکوؤں کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔ گودام مالکان نے دھمکی دی کہ اگر ڈاکوؤں کو گرفتار کرکے لوٹا گیا مال واپس برآمد نہ کیا گیا تو ہم وانا بائی پاس روڈ بند کردیں گے۔
واضح رہے کہ ان دنوں بڑے شہروں کی مارکیٹوں میں اعلیٰ معیار کے چلغوزے کی قیمت 8 ہزار روپے کلو ہے۔