شریف خاندان نے ضمانتی بانڈ نہ دینے کے فیصلہ پر قائم رہتے ہوئے کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے شریف خاندان ضمانتی بانڈ نہ دینے کے فیصلہ پر ڈٹ گیا اورکابینہ کی ذیلی کمیٹی کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے، شریف خاندان کے نمائندے آج کابینہ ذیلی کمیٹی میں شریک نہیں ہوں گے۔
ذرائع (ن) لیگ کا کہنا ہے کہ شریف خاندان اپنا موقف کمیٹی کو پیش کر چکا ہے، کمیٹی میں پیش ہوکرایک ہی موقف باربار دہرانے کا فائدہ نہیں لہذا کمیٹی نے جو فیصلہ کرنا ہے ہمارے پہلے سے پیش موقف پرکرلیں۔
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ای سی ایل سے متعلق کابینہ کمیٹی کے بائیکاٹ کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کو ذیلی کمیٹی کے آج کے اجلاس میں مدعو نہیں کیا گیا، ن لیگ کے ذیلی کمیٹی کا بائیکاٹ کرنے کی خبرگمراہ کن ہے۔
دوسری جانب لیگی رہنما پرویزرشید کہتے ہیں کہ گزشتہ روزکمیٹی کواپنا جواب دے چکے ہیں،کمیٹی کے سامنے موقف رکھ دیاہے۔باربارایک ہی موقف دہرانے کی ضرورت نہیں ہے،کمیٹی کو اب سفارشات پیش کرنی ہیں وہ کرے۔