روزانہ دوپہرایک سے رات 8 بجے تک دھرنا دیے جائیں گے۔فائل فوٹو
روزانہ دوپہرایک سے رات 8 بجے تک دھرنا دیے جائیں گے۔فائل فوٹو

پلان بی۔مختلف شاہراہوں پر دھرنے جاری۔ٹریفک کا نظام درہم برہم

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے پلان بی کے تحت جیکب آباد، گھوٹکی، کندھ کوٹ، ڈیرہ غازی خان، بنوں، ملاکنڈ اور لورالائی میں دھرنے جاری ہیں جس سے کئی شہروں میں ٹریفک معطل ہے اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔

اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے کارکنوں نے 26 نمبر چونگی سے جی ٹی روڈ بلاک کردی۔مظاہرین نے جی ٹی روڈ پر صف بندی کرتے ہوئے نمازِ جمعہ ادا کی، سڑک کی بندش کے باعث اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ بڑھ گیا جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

جے یو آئی (ف) کے کارکنان گھوٹکی میں قومی شاہراہ پر کل شام 4 بجے سے دھرنا دیے بیٹھے ہیں، جس کے باعث سڑک کے دونوں اطراف ٹریفک معطل ہے۔

خیبرپختونخوا میں بھی جے یوآئی کے کارکنوں نے صوبے کے 4 مقامات پردھرنا دے رکھا ہے جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے۔

کراچی میں حب ریور روڈ پر جمعیت علمائے اسلام کا دھرنا دوسرے روز میں داخل ہوگیا۔ سندھ اور بلوچستان کے درمیان ٹریفک کی آمد و رفت جزوی طور پر بند ہونے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

بلوچستان لورالائی میں جے یو آئی اور پشتونخوا میپ کے کارکنوں نےاحتجاجی دھرنا دے رکھا ہے، دھرنے اور احتجاج کے باعث کوئٹہ ڈیرہ غازی خان اور لورالائی ژوب قومی شاہراہوں پر ٹریفک معطل ہے۔

Image result for azadi march.road block

جیکب آباد میں اہم شاہراہ پر جے یو آئی ف کا احتجاجی دہرنا تیسرے روز بھی جاری ہے جس کے سبب سندھ بلوچستان اور پنجاب کو ملانے والی قومی شاہراہ مکمل بلاک ہے جس سے مسافروں اور ٹرانسپوٹروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

گھوٹکی میں بھی نیشنل ہائی وے پر کارکنوں نے دھرنا دیا ہوا ہے، ٹریفک معطل ہے، بارش کے باعث مظاہرین نے قومی شاہراہ پر ٹینٹ لگالئے، سڑک کنارے کھڑی گاڑیوں میں پڑا سامان بھی بھیگ گیا۔

موٹر وے پولیس کے مطابق پنجاب سے سندھ کی جانب آنے والی ٹریفک کو چوک ماڑی قومی شاہراہ سے ملتان سکھر موٹر وے سے گزارا جارہا ہے، جیکب آباد میں سندھ بلوچستان بائی پاس پر زیرو پوائنٹ کے مقام پر تیسرے روز بھی جمعیت علمائے اسلام کا دھرنا جاری ہے۔

ڈیرہ غازی خان تونسہ میں کھڈ بُزدار پل پر دھرنا دوسرے روز بھی جاری ہے، دھرنے کے باعث انڈس ہائی وے پر ٹریفک بلاک ہے اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ چکی ہیں۔

Image result for azadi march.road block

لوئر دیر میں بارش کے باوجود پل چوکی چکدرہ میں کارکن سڑک پر بیٹھے ہیں، مین شاہراہ پر دھرنے کے باوجود متبادل روٹس پر ٹریفک رواں دواں ہے۔ مانسہرہ شہر میں سابقہ ٹول پلازہ سے شاہراہ ریشم کو بھی بند کردیا گیا۔

Image result for azadi march.road block

بنوں میں انڈس ہائی وئے پر بھی دھرنا جاری ہے، شہری متبادل راستے استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں جے یو آئی ف کے کارکنوں کا دھرنا جاری ہے، کراچی کوئٹہ ڈی جی خان شاہراہ بلاک کردی گئی ہے۔

اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ملک کا کوئی طبقہ خوش نہیں، عوام کا جینا محال ہوچکا ہے اور لوگ خود کشیوں پرمجبورہوگئے ہیں، پورا ملک پی ٹی آئی حکومت کے خلاف  سڑکوں پر نکلا ہوا ہے، پلان بی کے تحت ہمارا احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک عمران خان اپنے عہدے سے مستعفی نہیں ہوجاتے۔