سری لنکا کے صدارتی انتخابات میں سابق صدر مہندا راجا پاکسا کے بھائی گوٹابایا راجا پاکسا نے حکومتی امیدوار کو شکست دیدی۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق حکومتی امیدوار سجیتھ پریما داسا نے ملک میں گزشتہ روز ہونے والے صدارتی انتخابات میں اپنی شکست تسلیم کرلی اورانہوں نے اپنے حریف گوٹابایا راجا پاکسا کو جیت پر مبارکباد بھی دی ہے۔
سری لنکن میڈیا کے مطابق گوٹابایا راجا پاکسا کوانتخابات میں 54 فیصد ووٹ پڑے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سرکاری سطح پر گوٹابایا راجا پاکسا کی جیت کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا لیکن گوٹابایا راجا پاکسا کے ترجمان نے انتخابات میں جیت کااعلان کردیا ہے۔
خیال رہے کہ گوٹابایا راجا پاکسا اپنے بھائی مہندا راجا پاکسا کے دور صدارت میں وزارت دفاع کے سیکریٹری رہ چکے ہیں۔
حکومت پاکستان نے نومنتخب سری لنکن صدرگوتابایاراجاپاکسا کومبارکباد دی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امید ہے نومنتخب صدرکی قیادت میں سری لنکا خوشحالی کاسفرجاری رکھے گا، پاکستان دوطرفہ تعلقات کے مزید فروغ کیلیے پرامید ہے۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ حکومت باہمی شراکت داری کونئی بلندیوں پرلے جانے کاعزم رکھتی ہے۔واضح رہے کہ گوتابایاراجاپاکسا نے 7نومبرکوصدارتی انتخاب میں کامیابی حاصل کی۔