دوسرے دن کھیل کے اختتام تک ایک وکٹ کے نقصان پر 312 رنز بنالیے۔فائل فوٹو
دوسرے دن کھیل کے اختتام تک ایک وکٹ کے نقصان پر 312 رنز بنالیے۔فائل فوٹو

پہلا ٹیسٹ۔آسٹریلیا کی پوزیشن مستحکم،72 رنز کی برتری

آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں کھیل کے دوسرے دن ایک وکٹ کے نقصان پر 312 رنز بنائے اور پاکستان پر 72 رنز کی برتری بھی حاصل کرلی۔

دوسرے روز کا کھیل ختم ہوا تو ڈیوڈ وارنر151 رنز اور مارنس لبوشین 55 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے جب کہ آسٹریلیا کے واحد آؤٹ ہونے والے کھلاڑی جو برنس تھے جو 97 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر بولڈ ہوئے اور نروس نائنٹیز کا شکار بنے۔

برسبین میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے دن آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز ڈیوڈ وارنر اور جوئے برنس نے کیا، دونوں اوپنرزنے انتہائی پراعتماد انداز میں اننگز کا آغاز کیا جب کہ پاکستانی بولرز آسٹریلوی اوپنرز کے سامنے بے بس نظرآئے، دونوں اوپنرز کے درمیان 222 رنزکی اوپننگ شراکت قائم ہوئی جس کے بعد جوئے برنس یاسر شاہ کی گیند پر97 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

جوئے برنس کے آؤٹ ہونے کے بعد اوپنرڈیوڈ وارنرنے اپنی سنچری مکمل کی جس کے باعث آسٹریلوی ٹیم نے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کھیل کے اختتام تک ایک وکٹ کے نقصان پر 312 رنز بنالیے ہیں جب کہ کینگروز کو پاکستان پر72 رنز کی برتری بھی حاصل ہے، اوپنر ڈیوڈ وارنر151 جب کہ ون ڈاؤن آنے والے لابوشانے 55 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

قومی ٹیم گزشتہ روز ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں صرف 240 رنز ہی بناسکی تھی، پاکستان کی جانب سے اسد شفیق نے سب سے زیادہ 76 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے 4، پیٹ کمنز نے3، ہیزل ووڈ نے 2 جب کہ نیتھن لیون نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔