روحیل نذیر کو عمدہ بیٹنگ پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔فائل فوٹو
روحیل نذیر کو عمدہ بیٹنگ پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔فائل فوٹو

پاکستان نے ایمرجنگ ٹیمز ایشیاکپ جیت لیا

پاکستان ایمرجنگ ٹیم نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) ایمرجنگ ٹیمز ایشیاکپ کے فائنل میں بنگلہ دیش کو 77 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا ہے۔

ڈھاکہ کےشیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میرپور ڈھاکہ میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش ایمرجنگ ٹیم نے ٹاس جیت کر پاکستان ایمرجنگ ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 301 رنز بنائے۔

روحیل نذیر نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 111 گیندوں پر 3 چھکوں اور 12 چکوں کی مدد سے 113 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ عمران رفیق نے 62، سعود شکیل نے 42، خوشدل شاہ نے 27، حیدر علی نے 26 اور عماد بٹ نے 15 رنز بنائے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے سومون خان سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور حسن محمود نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مہدی حسن نے ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔

بنگلہ دیش ایمرجنگ ٹیم ہدف کے تعاقب میں محض 224 رنز بنا کر ہی آﺅٹ ہو گئی اور یوں پاکستان ایمرجنگ ٹیم نے یہ میچ 77 رنز سے جیت لیا۔ عفیف حسین نے سب سے زیادہ 49 رنز بنائے جبکہ مہدی حسن نے 42، نجم الحسین نے 46، یاسر علی نے 22، سومیا سرکار نے 15 اور محمد نعیم نے 16 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے محمد حسنین نے تباہ کن باﺅلنگ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ خوشدل شاہ اور سیف بدر نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں۔ ثمین گل، عماد بٹ اور عمر خان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔روحیل نذیر کو عمدہ بیٹنگ پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔