پارلیمانی سیکریٹری فرخ حبیب نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ نوازشریف نے اپنے پارٹی کے اکائونٹس کو منی لانڈرنگ کیلیے استعمال کیا۔ان کے بقول نواز شریف نے اپنی ہی پارٹی کو دس کروڑ روپے ڈونیشن دی اور اگلے ہی روزچار کروڑ روپے نکلوالیے۔
انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن برطانیہ میں کمپنی کے طور پر رجسٹرڈ ہےجو کسی کے ساتھ براہ بھی راست کام کرسکتی ہے،ن لیگ کو وہاں سے کتنا پیسہ آیا یہ نہیں بتایاگیا۔انہوں نے واضح کیا کہ مسلم لیگ ن کے اکائونٹس کی جانچ پڑتال کی جائے۔
انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کے اکائونٹس میں بہت سی آن لائن منتقلی ہوئی لیکن ن لیگ کے اکائونٹس میں رقم کی منتقلی کے ذرائع کاعلم نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ پی پی فنڈنگ سے متعلق پٹیشن دائر کی ہے لیکن سنجیدگی کا یہ عالم ہے کہ ان کی طرف سے کوئی جواب نہیں دیاگیا۔ہوسکتا ہے ن لیگ کی جانب سے قطری خط جیسے کسی سہارے کے انتظارکی وجہ سے تاخیر کی جارہی ہو۔
فرخ حبیب نے دعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی نے بیرون ملک لابسٹ خریدے ہوئے ہیں۔یوکے میں پیپلز پارٹی کا سربراہ امریکی شہری ہے۔مارک سیگل بے نظیر شہید کیس میں بھی خط لے کرآگئے تھے۔آصف زرداری ذاتی لابی کیلیے پیسے باہر بھیجتے ہیں.مشرف سے این آر او ان ہی لابسٹ نے زرداری کو دلایا.
انہوں نے کہا کہ اگر فارن فنڈنگ کیس پر ن لیگ سچی ہے تو واضح ثبوت کے باوجود ماضی کی حکومت نے پی ٹی آئی کیخلاف کیس کیوں نہیں کیا؟
انہوں نے کہا کہ کل پارٹی فنڈنگ کمیٹی سماعت کرے گی۔جس ٹی او آر پر پی ٹی آئی کی جانچ پڑتال ہورہی ہے دیگر پارٹیوں کی بھی ہونی چاہیے.پی ٹی آئی نے چالیس ہزار ڈونرز کا ڈیٹا الیکشن کمیشن کو جمع کرادیا ہے۔انہوں نے کہا عمران خان نے اپنا احتساب کرایا اور تمام شواہد جمع کرائے۔