پاپوا نیوگینا میں ایک چارٹر ایئرلائن کے طیارے کو مسلح افراد نے ہائی جیک کرکے سامان لوٹ لے لیا۔
ایک خبررساں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چارٹرڈ طیارے کو نامعلوم ہائی جیکرز نے اس وقت ہائی جیک کیا جب نیو برٹن جزیرے کے قریبی علاقے میں طیارہ ایندھن بھروانے کے لیے رکا تھا۔
کمپنی کے ترجمان میتھیوبرنٹال کا کہنا ہے کہ طیارے میں کوئی مسافر موجود نہیں تھا اور ہائی جیکرز کی تعداد 8 تھی جو زبردستی طیارے میں داخل ہوئے اور نامعلوم سمت کی جانب پرواز کرنے کا کہا۔
ترجمان کے مطابق پائلٹ نے ہائی جیکرز کے مطالبے کو پورا کرتے ہوئے طیارے کا رخ غیر محفوظ علاقے کی جانب موڑ دیا ،ہائی جیکرز طیارے کو لینڈنگ کروانے کے بعد سامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔
بتایا گیا ہے کہ اس پورے واقعے میں پائلٹ اور طیارے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا جب کہ پائلٹ طیارے کو لے کر محفوظ مقام پر بحفاظت لینڈ کرگیا۔
دوسری جانب رائل پاپوا نیو گینا کانسٹیبلری نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے تفتیش شروع کردی ہے تاہم فوری طورپرہائی جیکرز کے بارے میں کوئی سراغ نہیں مل سکا۔