بھارتی فوج کے سربراہ جنرل بپن راوت اپنی مدت ملازمت پوری کرنے کے بعد 31دسمبر کو ریٹائر ہو جائیں گے جبکہ نریندر مودی کی حکومت نے انہیں ریٹائرمنٹ کے بعددو سال کے لیے بھارت کا پہلا چیف آف ڈیفنس اسٹاف مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم کی ہدایت پر محکمہ دفاع میں بنائی گئی اس نئی پوسٹ پر ان کی تعیناتی فور سٹار پوزیشن کی ہو گی اور وہ بھارتی فوج کو جدید ترین بنانے کے لیے اہم کردار ادا کریں گے۔ بھارتی کیبنٹ کمیٹی برائے سیکیورٹی کو چیف آف ڈیفنس اسٹاف کی ذمہ داریوں کا تعین کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔اس کمیٹی کے سربراہ قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول ہوں گے۔
بھارتی وزیراعظم نے جنرل راوت کو 31دسمبر 2106 ءکو دو سینئر جرنیلوں کی موجودگی میں ترقی دے کر آرمی چیف مقرر کیا تھا۔
جنرل بپن راوت بھارتی وزیراعظم کے فیورٹ شمار کیے جاتے ہیں لیکن اس کے باوجود بھارتی وزیراعظم نے ان کی مدت ملازمت میں توسیع کو خارج از امکان قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام اعلیٰ افسران کی مقررہ مدت پوری ہونے کے بعد فوری ریٹائرمنٹ ہی جمہوریت کا حقیقی حسن ہوتا ہے۔