ایڈیلیڈمیں پاکستان اورآسڑیلیا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ جاری ہے،آسٹریلیا نے پہلی اننگز3وکٹوں کے نقصان پر589رنز بنا کر ڈیکلیئر کردی۔
آسٹریلیا نے ٹیسٹ کے دوسرے روز 302 رنز سے کھیل کا آغاز کیا اور اس کا ایک کھلاڑی آوٹ ہوا تھا جب کہ لیبوشین اور ڈیوڈوارنر پیچ پر موجود تھے۔
آسٹریلیا کی دوسری وکٹ 369رنز پرگری جب شاہین آفریدی نے لیبوشین کو 162 کے انفرادی اسکور پر پویلین کی راہ دکھائی۔ ڈیوڈوارنر نے260 گیندوں پر26 چوکوں کی مدد سے ڈبل سنچری اسکور کی پھرانہوں نے ٹیسٹ میچ میں تین سو رنز بنا کر جہاں اپنا پہلا ریکارڈ قائم کیا وہیں39 چوکے لگا کر شاہینوں کے چھکے بھی چھڑا دیے۔
ڈیوڈ وارنرجب 226 رنز پر کھیل رہے تھے کہ محمد موسیٰ نے ڈیوڈ وارنر کو بابراعظم کے ہاتھوں کیچ کرایا لیکن جب پیچھے مڑ کردیکھا تو امپائر نو بال کا اشارہ کر رہے تھے جس کے بعد وہ کسی بائولرکے ہتھے نہیں چڑھے۔ انہوں نے 335 رنز بنائے جن میں 39چوکے اورایک چھکاشامل ہے۔
ڈیوڈ وارنرکے ٹیسٹ کیریئر پر نظر دوڑائیں تو اب تک وہ 81ٹیسٹ میچزکی 149اننگز کھیل چکے ہیں۔ٹیسٹ میچز میں ان کے ٹوٹل اسکور6936ہیں جن میں ان کی 23سنچریاں،2 ڈبل سنچریاں اور 30 ففٹیاں شامل ہیں۔انہوں نے اپنی ٹرپل سنچری آج پاکستان کیخلاف بناکراپنے کیریئر میں نئے ریکارڈ کااضافہ کیا ہے۔