آسٹریلیا کے درمیان دوسرے اورآخری ٹیسٹ کی پہلی اننگزمیں فالو آن کا شکار ہونے کے بعد قومی ٹیم وائٹ واش کے خطرے سے دو چار ہے۔
ایڈیلیڈ میں کھیلے جا رہے میچ میں قومی ٹیم آسٹریلیا کے 589 رنز کے جواب میں 302 رنز پر ڈھیر ہو کر فالو آن کا شکار ہوئی۔
آسٹریلیا کے کپتان نے پاکستان کو دوبارہ بیٹنگ کی دعوت دی تو پہلی اننگز کے 287 رنز کے خسارے میں موجود پاکستانی بلے باز دوسری اننگز میں بھی لڑکھڑا گئے۔
پہلی اننگز میں دو رنز بنانے والے امام الحق دوسری اننگز میں بھی ناکام ثابت ہوئے اوراپنا کھاتا کھولے بغیر ہی صفر پر پویلین لوٹ گئے۔
قومی ٹیم کے آؤٹ آف فام کپتان اظہر علی کی دوسری اننگز بھی پہلی اننگز کی طرح 9 رنز تک محدود رہی اور دونوں بار اظہر علی نے اسٹیون اسمتھ کو کیچ تھمایا۔
پہلی اننگز میں نروس نائنٹیز کا شکار ہونے والے بابراعظم دوسری اننگز میں صرف 8 رن کے مہمان ثابت ہوئے۔
تیسرے روز کھیل کا اختتام ہوا تو پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر 39 رنز بنا لیے تھے اور قومی ٹیم کو اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے اب بھی مزید 248 رنز درکار ہیں۔ شان مسعود 14 اور اسد شفیق 8 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔
پاکستان کی پہلی اننگز
تیسرے روز کھیل کا آغاز ہوا تو بابراعظم اور یاسر شاہ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا۔
قومی ٹیم کا اسکور 194 رنز پر پہنچا تو بابراعظم مچل اسٹارک کی وکٹوں سے باہر آتی گیند کو چھیڑنے کی کوشش میں وکٹوں کے پیچھے کیچ دیکر نروس نائنٹیز کا شکار ہو گئے، انہوں نے 97 رنز کی اننگز کھیلی۔
یاسر شاہ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے ٹیسٹ کیرئیر کی پہلی سنچری اسکور کی، انہوں نے 192 گیندوں پر 12 چوکوں کی مدد سے سنچری بنائی۔ یاسر شاہ 113 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے جب کہ محمد موسیٰ 12 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے 6 اور پیٹ کمنزنے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ ایک وکٹ جوش ہیزلوڈ کے حصے میں آئی۔