امریکا کی شمال وسطی اور شمال مشرقی ریاستوں میں برف کے طوفان کے باعث نظام زندگی منجمد ہو کر رہ گئی ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق ریاست اوریگون میں 5 کروڑ سے زائد افراد ویدرالرٹ پرہیں جب کہ نیویارک میں اسکول بند ہو چکے ہیں اور ڈکوٹا سے مشی گن تک مختلف حصوں میں 12 انچ تک برف پڑ چکی ہے۔
امریکی میڈیا نے بتایا کہ برف باری کے باعث ملک بھر میں 800 پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں جب کہ ساڑھے 6 ہزار پروازیں تاخیر کا شکار بھی ہوگئی ہیں۔
برفانی طوفان کی وجہ سے ٹیکساس میں چھوٹا طیارہ ائیر پورٹ پر گر کر تباہ ہونے سے 3 افراد ہلاک ہو گئے جب کہ نیویارک کے شہر بفالو میں برف کے باعث طیارہ رن وے پر پھسل گیا۔
ریاست میری لینڈ میں دھندکے باعث حد نگاہ کم ہونے سے ہائی وے پر25 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔
موسم کی صورتحال کو مدِنظر رکھتے ہوئے شکاگو کی نیشنل ویدر سروس نے ٹوئٹ کے ذریعے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کرتے ہوئے دھند میں کم بیم کی ہیڈلائٹس استعمال کرنے کے ساتھ اپنی آگے والی گاڑی سے فاصلہ رکھنے کی ہدایات بھی جاری کردیں۔