مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے کہا ہے کہ مالی خسارہ کم اور معیشت میں بہتری آئی ہے ،ورلڈ بینک کے صدر نے پاکستان کی معاشی کارکردگی کو سراہا ہے۔
اسلام آباد میں اقتصادی ٹیم کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے حفیظ شیخ نے کہا کہ عالمی ادارے پاکستان کی معاشی بہتری کااعتراف کررہے ہیں۔ رواں مالی سال معیشت میں واضح بہتری آئی ہے۔
حفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ مالی اورتجارتی خسار ے میں کمی آرہی ہے۔ ورلڈبینک کے صدرنے پاکستان کی معاشی کارکردگی کوسراہاہے۔ انہوں نے کہا کہ ایشین ڈویلپمنٹ بینک نے بھی معاشی بہتری کااعتراف کیاہے۔ غیرملکی سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ گزشتہ ماہ ایکسپورٹ میں10 فیصداضافہ ہوا۔
حفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ جاری کھاتوں کاخسارہ کم ہورہاہے۔ گزشتہ سال کے جاری کھاتوں کے خسار ے میں 35 فیصدکمی ہوئی، موڈیزنے اپنی ریٹنگ میں پاکستانی معیشت کومنفی سے مستحکم کیا،ملک کی برآمدات بڑھ رہی ہیں، اکتوبرمیں پہلی بارکرنٹ اکائونٹ خسارہ سرپلس ہوا،غیر ملکی سرمایہ کاری میں تقریباً 236 فیصد اضافہ ہواہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اسٹاک ایکس چینج 40 ہزارپوائنٹس کی سطح عبورکرگیاہے،پہلی بارپورٹ فولیوسرمایہ کاری میں ایک ارب ڈالرسرمایہ کاری ہوئی، بلوم برگ نے بھی پاکستان سٹاک مارکیٹ کو بہترین مارکیٹ قرار دیا،کسی کو کوئی سپلیمنٹری گرانٹ نہیں دی جارہی ہے۔ٹیکس ریونیومیں گزشتہ سال کی نسبت 16 فیصداضافہ ہواہے۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اسلام آبادمیں کمسن بچوں کی عدالتوں کے قیام سمیت 10 نکاتی ایجنڈے کی منظوری دیدی گئی ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کااجلاس ہوا اجلاس میں وفاقی کابینہ نے 10 نکاتی ایجنڈے کی منظوری دیدی،کابینہ نے نیشنل انشورنس کمپنی کے سی ای او کی تقرری کی منظوری دیدی،وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی بھی توثیق کردی۔
کابینہ نے خصوصی کمیٹی برائے نجکاری کے فیصلوں کی بھی توثیق کردی جبکہ آزادکشمیرکے مالی سال2019-20کے پراپرٹی بجٹ ،پاکستا ن اکادمی ادبیات کے چیئرمین کی تعیناتی کی بھی منظوری دی گئی، کابینہ نے وفاقی دارالحکومت میں کمسن بچوں کی عدالتوں کے قیام اورخواتین پراپرٹی حقوق آرڈیننس 2019 کے نفاذ کی بھی منظوری دیدی۔