کراچی میں موسمِ سرما کی پہلی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے، محکمۂ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ آج پورا دن شہرِ قائد میں کالے بادل چھائے رہیں گے، جبکہ مزید ہلکی بارش یا بوندا باندی کا بھی امکان ہے۔
کراچی میں علی الصباح مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی جس کے باعث موسم سرد اور خوش گوار ہو گیا۔
انہوں نے بتایا کہ 25 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی شمال مشرقی تیز ہواؤں کے سبب سردی کی شدت زیادہ محسوس ہو گی۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق 11 دسمبر سے سردی کی ایک نئی لہر کراچی میں داخل ہوگی جو ایک ہفتے تک رہنے کا امکان ہے، سردی کی اس نئی لہر کے دوران کم سے کم درجۂ حرارت 12 سے 14 ڈگری سینٹی گریڈ ہو سکتا ہے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ بحیرۂ عرب پر ہوا کے کم دباؤ کے زیرِ اثر رات میں بارش ہوئی اور اسی اثر سے شہر میں مزید ہلکی بارش یا بوندا باندی ہو سکتی ہے۔
آج صبح بھی شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش ہوئی، لانڈھی، کورنگی، ملیر اور ایئرپورٹ کے علاقوں میں تیز بارش ہوئی جب کہ نارتھ کراچی، ناگن چورنگی، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، گلشنِ اقبال، گلستانِ جوہر، ڈیفنس اور کلفٹن میں بوندا باندی ہوئی، جس کی وجہ سے موسم مزید خوش گوار اور سرد ہو گیا۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کا سسٹم 9 دسمبر کو ایران کے راستے بلوچستان میں داخل ہونے کا امکان ہے جس کے باعث بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس دوران کراچی میں بارش کا اندازہ سسٹم کے آگے بڑھنے کے بعد کیا جا سکے گا، شہر میں 12سے 13دسمبر کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوجائے گا، درجۂ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے۔