وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کرپٹ لوگ عوام کے دشمن ہیں، یہ تصور غلط ہے جویہ کہاجاتاہے کہ کھاتا ہے تولگاتا بھی ہے، ایسی باتیں بے وقوف کرتے ہیں،کرپشن کیخلاف جہاد میں پوری قوم کو جدوجہد کرنی ہوگی، عوام کو سمجھ ہی نہیں کہ کرپشن کا عوام کی زندگیوں سے کیا تعلق ہے،یہاں کرپٹ لوگوں پرپھول پھینکے جاتے اور زندہ باد کے نعرے بھی لگائے جاتے ہیں۔
اسلام آباد میں انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کے موقع پرتقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں لوگوں کوپتہ ہی نہیں کہ کرپشن کا اوران کاکیا تعلق ہے ؟ ملک کا پیسہ جب چوری ہوتاہے تو اس کا نقصان پورے ملک کوہوتاہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ قوم کوعظیم بننے کے لیے کرپشن کے خلاف جہاد میں شریک ہونا ہوگا،کرپشن کے خلاف موبائل ایپ میں ہر کوئی شرکت کرسکتاہے جب ہمارے نوجوانوں میں سمجھ آگئی کہ ہم انسداد کرپشن مہم میں شرکت کرکے ملک کی خدمت کررہے ہیں تو نیا پاکستان بن جائے گا ۔
انہوں نے کہا کہ بدعنوانی سے متعلق ایب لانچ کرکے بڑی خوشی ہوئی ہے۔ چائنہ کی معیشت بڑی تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے ۔ چینی صدر کی مقبولیت کا راز یہ ہے کہ چین میں چارسو کے قریب وزیر کی سطح کے لوگوں کوجیل میں ڈالا گیاہے ۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت بیروت، چلی اورعراق میں لوگ کرپشن کے خلاف باہرنکلے ہوئے ہیں۔ عوام کو اب آہستہ آہستہ احساس ہوگیاہے کہ کرپشن سے ان کا ملک آگے نہیں نکل سکتا ، جس قوم میں کرپشن نہیں ہے ، وہ اوپر ہے اوروسائل کے باوجود جس ملک میں کرپشن ہے ، وہ نیچے ہے ۔
انہوں نے کہا کہ جب ایک معاشرے میں کرپشن بڑھ جاتی ہے تو جو پیسہ عوام پر خرچ ہونا ہوتاہے وہ جیبوں میں چلاجاتا ہے ، کرپٹ لوگ حکومت میں آکر پیسہ بناتے ہیں ، ان کوڈر ہوتاہے کہ پیسہ بینک میں رکھیں گے تو لوگوں کوپتہ چل جائے گا ، وہ پیسہ ملک سے باہر بھجوادیتے ہیں ۔ اس سے ملک کودگنا نقصان ہوتاہے کیونکہ وہ منی لانڈرنگ کے ذریعے پیسہ باہر بھجواتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیسہ باہر بھجوانے سے ڈالر مہنگا ہوتاہے جس سے ہر چیز جو درآمد کرتے ہیں،وہ مہنگی ہوجاتی ہے ۔
وزیراعظم کا کہناتھاکہ کرپٹ معاشروں میں سرمایہ کاری نہیں آتی ، ہمارا سب سے بڑااثاثہ بیرون ملک پاکستانی ہیں، اگریہ پاکستانی اپنا پیسہ ملک میں لگانا شروع کردیں تو ملکی معیشت بہت مضبوط ہوجائےگی ۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنا پیسہ اس لئے ملک میں نہیں لاتے کہ وہ کہتے ہیں کہ یہاں کرپشن ہے۔انہوں نے کہا کہ ملتان میں میٹرو کی ضرورت نہیں تھی لیکن بنادی اوراب وہ اربوں روپے کانقصان کررہی ہے، خالی چل رہی ہے ۔
وزیراعظم نے کہا کہ قوم کوعظیم بننے کے لیے کرپشن کے خلاف جہاد میں شریک ہونا ہوگا ، کرپشن کے خلاف موبائل ایپ میں ہر کوئی شرکت کرسکتاہے جب ہمارے نوجوانوں میں سمجھ آگئی کہ ہم انسداد کرپشن مہم میں شرکت کرکے ملک کی خدمت کررہے ہیں تو نیا پاکستان بن جائے گا ۔
انہوں نے کہاکہ لوگوں کو اب تک یہ ہی نہیں پتہ تھا کہ حکومت کی زمینوں پر قبضے ہوجاتے ہیں ، لوگ حکومت کی زمینوں کو اپنا نہیں سمجھتے،اگراپنا سمجھیں تو حکومت کوداد دیں کہ 130ارب روپے کی زمین واگزار کروائی گئی ہے ،یہ زمین عوامی خدمت کے منصوبوں کے لیے وقف کی جاسکتی ہے ،اس پر غریب لوگوں کے لیے گھربنائے جاسکتے ہیں۔