سری لنکا نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔فائل فوٹو
سری لنکا نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔فائل فوٹو

پنڈی ٹیسٹ۔مہمان ٹیم نے 5 وکٹ کے نقصان پر202 رنز بنالیے

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کھیل کے اختتام پر مہمان ٹیم نے 5 وکٹ کے نقصان پر202 رنز بنالیے ہیں۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ راول پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے جس کے ساتھ ہی پاکستان میں 10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ بحال ہوگئی ہے اور راولپنڈی کے سونے میدان 15 برس بعد پھر سے آباد ہوگئے ہیں۔

اس تاریخی موقع پر پی سی بی نے کھلاڑیوں کے لیے یادگاری کیپس تقسیم کیں جبکہ سیکیورٹی کے سخت انتظامات ہیں۔

سری لنکا نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ کپتان کرونا رتنے محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے نصف سنچری مکمل کرنے میں کامیاب رہے۔ ایک موقع پرعثمان شنواری نے کرونا رتنے کو 31رنز پر بولڈ کیا لیکن بیلز نہ گریں جس کے نتیجے میں انہیں لائف لائن مل گئی۔

کھانے کے وقفے کے بعد سری لنکا کی پہلی وکٹ96رنز پرگری اور کرونا رتنے 59 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پرایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

دوسری وکٹ 109 رنز پرگری اوراوشاڈا فرنانڈو 40 رنز بنا کر نسیم شاہ کا شکار بنے۔ بی کے جی مینڈس صرف 10 رن ہی بناسکے اورعثمان شنواری کی گیند پر محمد رضوان کو کیچ دے بیٹھے۔

مہمان ٹیم کا چوتھا کھلاڑی 127 رنز پر آؤٹ ہوا اور چندی مل صرف 2 رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ آئی لینڈرز کی پانچویں وکٹ 189 رنز پرگر گئی اوراینجلو میتھیوز31 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر پویلین واپس لوٹ گئے۔

خراب روشنی کے باعث میچ کے پہلے روز کا کھیل قبل از وقت ختم ہوگیا اور سری لنکا نے پانچ وکٹوں پر 202 رنز بنا لیے ہیں۔