امریکی ریاست فلوریڈا کے نیول بیس میں ایک سعودی کیڈٹ کے ذریعے کی گئی فائرنگ کے واقعے کے بعد واشنگٹن نے175سعودی کیڈٹوں کو جنگی طیارے اڑانے سے روک دیا۔
ایک رپورٹ کے مطابق فوجی ٹریننگ حاصل کرنے میں مصروف175 سعودی طلبا پرامریکا میں جنگی تربیتی طیارے اڑانے پر پابندی کا اطلاق پیر سے ہوگیا ہے۔
امریکی حکام کا منگل کو خبر رساں ادارے کو بتایا تھا کہ فلوریڈا واقعے کے بعد سعودی کیڈٹس کی تربیت روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بحریہ کی خاتون ترجمان لیفٹننٹ ایندریانہ گنالدی نے کہا کہ پیر کو حفاظتی تدبیرکے طورپرشہری ہوا بازی کی تربیت حاصل کرنے والے سعودی کیڈٹس کے لیے تربیتی پروگرام روک دیا گیا ہے۔
بحریہ کے ایک اور اہلکار نے بتایا کہ تربیت روکنے کا یہ عمل ضروری تھا تاکہ سعودی کیڈٹس کے لیے از سرِ نو تربیت کا آغاز کیا جاسکے۔
انہوں نے بتایا کہ اگر امریکی فوجی اسکوارڈن میں ایسا واقعہ ہوتا تو بھی اسی طرح کے اقدامات کیے جاتے۔
واضح رہے کہ سعودی کیڈٹ محمد سعیدالشمرانی نے جو جنگی طیارہ اڑانے کی تربیت حاصل کرنے کے لیے امریکا گیا ہوا تھا گذشتہ جمعے کو ریاست فلوریڈا کی پنساکولا نیول بیس میں فائرنگ کرکے تین افراد کو ہلاک کردیا تھا۔