ویسٹ انڈیز کرکٹ نے پہلے ون ڈے میچ میں بھارتیوں کا غرورخاک میں ملاتے ہوئے 8 وکٹوں سے فتح حاصل کر کے تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔
چدمبرم کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیزنے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر287 رنز بنائے۔ رشبھ پنت نے سب سے زیادہ 71 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ شریاس ائیر نے 70، کیدر جادھیو نے 40، روہت شرما نے 36 اور رویندرا جدیجہ نے 21 رنز بنائے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے شیلڈن کوٹریل، کیمو پال اورالزاری جوزف نے بہتر کارکردگی دکھاتے ہوئے 2,2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ کیرون پولارڈ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے شمرون ہت مائر اور شائی ہوپ کی عمدہ بلے بازی کی بدولت مقررہ ہدف 47.5 اوورز میں حاصل کر کے میچ اپنے نام کر لیا اور سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ شمرون ہت مائر نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 106 گیندوں پر7 چھکوں اور11 چوکوں کی مدد سے 139 رنز بنائے جبکہ شائی ہوپ نے 151 گیندوں پر 1 چھکے اور7 چوکوں کی مدد سے 102 رنز بنائے۔
بھارت کی جانب سے کوئی بھی باﺅلر خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔ دیپک چھاہر اور محمد شامی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی جبکہ شیوم دوبے سب سے مہنگے باﺅلر ثابت ہوئے جنہوں نے 7.5 اوورز میں 68 رنز دئیے مگر ایک بھی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔