انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کو 84 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
ملائیشیا میں کھیلے جانے والے میچ میں مہمان ٹیم کی کپتان ہیتھر نائٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپنرز ایمی جونز اور ڈینی وایٹ نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور نصف سنچریاں اسکور کیں۔
ایمی جونزنے 52 گیندوں پر11 چوکوں اور3 چھکوں کی مدد سے 89 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ ڈینی وایٹ نے 36 گیندوں پر 55 رنز بنائے، دونوں اوپنرز کی شاندار بیٹنگ کی بدولت انگلینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے۔
186 رنزکے تعاقب میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم ایک بار پھر متاثرکن کھیل کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہی، مڈل آرڈر ارم جاوید کے علاوہ کوئی بھی بیٹر لمبی اننگز نہ کھیل سکی۔
ارم جاوید نے ایک چوکے اور4 چھکوں کی بدولت 38 رنز کی اننگز کھیلی جس کے باعث قومی ویمن ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر101 رنز ہی بناسکی۔