ٹکٹیں فروخت کرنے والی تمام مشینیں بند کردی جائیں گی۔فائل فوٹو
ٹکٹیں فروخت کرنے والی تمام مشینیں بند کردی جائیں گی۔فائل فوٹو

ٹرینوں اور بسوں پرمفت سفرکریں

یورپی ملک لکسمبرگ نے اپنے شہریوں کو نئے سال کا تحفہ دینے کا انتظام کرلیا۔جلد ہی یہ ملک دنیا کا ایسا پہلا ملک بن جائے گا،جہاں ٹرینوں اور بسوں کا سفرمکمل طورہرمفت ہوگا۔

یورپ کا چھوٹا سا ملک لکسمبرگ ٹریفک کے حوالے سے دنیا کے لیے ایک مثال قائم کرنا چاہتا ہے۔ یکم جنوری سے اس ملک کے چند حصوں میں بس اور ٹرین کا سفر مکمل طورپرفری کردیا جائے گا لیکن نئے سال کے آغازکے61 دنوں کے اندراندر ملک بھرمیں بسوں اورٹرینوں کا سفرمفت میں ہو گا۔

یہ یورپی ملک یکم مارچ 2020ء تک دنیا کا ایسا پہلا ملک بن جائے گا، جہاں سفرکی سہولیات بالکل مفت فراہم کی جائیں گی۔

حکومت کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق ٹرین میں صرف فرسٹ کلاس کے مسافروں کو ٹکٹیں خریدنا ہوں گی۔ اسی طرح ٹکٹوں کر فروخت کرنے والے تمام مشینیں بند کردی جائیں گی اور ٹکٹیں چیک کرنے والے عملے کو نئے فرائض سونپے جائیں گے۔

لکسمبرگ کے لبرل وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے نہ صرف لکسمبرگ کی عالمی شہرت میں اضافہ ہو گا بلکہ سیاح بھی اس ملک کا رخ کریں گے۔ لکسمبرگ کی آبادی تقریبا چھ لاکھ نفوس پر مشتمل ہے لیکن یہ ملک دنیا بھر میں ٹریفک کے حوالے سے ایک مثال قائم کرنا چاہتا ہے۔

بجلی سے چلنے والی ٹرینوں کا ایک مقصد شہروں کی آب و ہوا کو بہتر بنانا بھی ہے۔ مفت سفرکی وجہ سے توقع کی جا رہی ہے کہ لوگ بڑی تعداد میں پٹرول اورڈیزل سے چلنے والی گاڑیوں کو چھوڑ کر بسوں اور ٹرینوں پر سفر کریں گے۔

لکسمبرگ فرانس، جرمنی اور بیلجیم جیسے بڑے یورپی ممالک کے بالکل قریب ہے اور یہی وجہ ہے کہ گزشتہ بیس برسوں میں اس کی آبادی میں ایک تہائی اضافہ ہوا ہے۔ یہ ایک بڑا معاشی مرکز بھی بن چکا ہے اور اس کے ہمسایہ ممالک سے روزانہ کی بنیاد پر تقریبا دو لاکھ افراد اس ملک میں کام کرنے آتے ہیں۔

لکسمبرگ کی وزارت نقل و حمل کا کہنا ہے کہ بس اور ٹرین میں سفر مفت ہونے کی وجہ سے تمام گاڑیوں والے تو ٹرینوں اور بسوں پر سفر شروع نہیں کریں گے لیکن اس کے باوجود یہ ان کی حکمت عملی کا ایک حصہ ہے کہ لوگوں کو گاڑیاں چھوڑنے پر مجبور کیا جائے اور مفت سفر کی سہولت فراہم کی جائے۔

علاوہ ازیں لکسمبرگ میں سن دو ہزار پچیس تک کاروں اور سائیکلوں کے لیے پارکنگ کے مقامات بھی دوگنے کر دیے جائیں گی۔