کراچی میں دن کے بارہ بجے درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ہے لیکن لوگوں کو درجہ حرارت 11 یا 12 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس ہو رہا ہے ، جس کی وجہ شمال مشرق سے چلنے والی تیز ہوائیں ہیں جنہوں نے کراچی کے موسم کو یخ بستہ کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی میں شمال مشرق سے چلنے والی ہواؤں کی وجہ سے درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، سندھ کے چیف میٹرولوجیکل آفیسر سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ32 سے 35 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی شمال مشرقی ہواؤں نے کراچی کے موسم کو سرد کر دیا ہے۔
سردار سرفراز کے مطابق تیز ہواؤں کی وجہ سے نا صرف شہر کا درجہ حرارت کم ہوا ہے بلکہ انسانوں کو محسوس ہونے والا درجہ حرارت بھی کافی کم ہوا ہے اوراس وقت اکثر لوگوں کو درجہ حرارت 11 یا 12 ڈگری سینٹی گریڈ محسوس ہو رہا ہے جو کہ رات کے حساب سے بھی کافی کم ہے۔
سردار سرفراز کے مطابق اس وقت پورا پاکستان سائبیریا سے آنے والی ٹھنڈی شمالی ہواؤں کی زد میں ہے جس کی وجہ سے پورے ملک کا درجہ حرارت کافی کم ہے۔
سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ شمال مشرق سے آنے والی تیز ہواؤں کا سلسلہ کراچی میں مزید دو روز تک جاری رہ سکتا ہے، جس کے نتیجے میں شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 19 سے 20 ڈگری سینٹی گریڈ اور کم سے کم درجہ حرارت سات سے آٹھ ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے۔
انہوں نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ احتیاطی تدابیراختیارکریں خصوصاً بچوں کو تیز ٹھنڈی ہواؤں سے بچانے کا اہتمام کریں، ان کا کہنا تھا کہ عموما ًکراچی میں جنوری کا مہینہ دسمبر کی نسبت ٹھنڈا رہتا ہے۔