دونوں ایلیمنیٹرزاور فائنل کی میزبانی لاہورکے قذافی اسٹیڈیم کے سپرد کی گئی ہے۔فائل فوٹو
دونوں ایلیمنیٹرزاور فائنل کی میزبانی لاہورکے قذافی اسٹیڈیم کے سپرد کی گئی ہے۔فائل فوٹو

پی ایس ایل 2020 کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ 2020 کے آغاز سے 50دن قبل لیگ کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے اور ایونٹ کا افتتاحی میچ 20فروری کو کراچی جبکہ فائنل کی میزبانی 22مارچ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔

پاکستان سپر لیگ 20 فروری سے 22 مارچ تک کھیلی جائے گی اور اس کے تمام 34 میچز کا انعقاد پاکستان کے 4 شہروں میں کیا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس دن کی مناسبت سے پاکستان کرکٹ کے ہیڈ کوارٹر قذافی اسٹیڈیم کے داخلی دروازے کے باہر ایک کاؤنٹ ڈاؤن گھڑی بھی لگا دی ہے۔

 

پاکستان سپر لیگ کے اگلے ایڈیشن کا پہلا میچ دفاعی چیمپیئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور دو مرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیموں کے درمیان کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔

ایونٹ کا واحد کوالیفائر نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا جبکہ دونوں ایلیمنیٹرزاور فائنل کی میزبانی لاہورکے قذافی اسٹیڈیم کے سپرد کی گئی ہے۔

ایونٹ کے 34 میچوں میں سے لاہور کا قذافی اسٹیڈیم 14، کراچی کا نیشنل اسٹیڈیم 9، راولپنڈی کا پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم 8 اور ملتان کرکٹ اسٹیڈیم 3 میچوں کی میزبانی کرے گا۔

شیڈول کے مطابق دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اپنے 4 میچز کراچی، 3 لاہور 2 راولپنڈی اور 1 ملتان میں کھیلے گی جبکہ پشاور زلمی آئندہ ایڈیشن میں اپنے 5 میچز راولپنڈی،3 کراچی جبکہ 1،1 لاہور اور ملتان میں کھیلے گی۔

پی ایس ایل 2020 میں اسلام آباد یونائیٹڈ اپنے 5 میچز راولپنڈی، 3 لاہور اور 2 کراچی میں کھیلے گی جبکہ کراچی کنگز اپن ہوم گراؤنڈ کراچی میں 5 جبکہ دو، دو میچز لاہور اور راولپنڈی اور ایک ملتان میں کھیلے گی۔

لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں ملتان سلطانز اپنے 5 میچز لاہور، 3 ملتان جبکہ 1،1 راولپنڈی اور کراچی میں کھیلے گی۔

لاہور قلندرز کی ٹیم اس معاملے میں سب سے خوش قسمت ثابت ہوئی ہے جو اپنے 8 میچز ہوم گراؤنڈ یعنی قذافی اسٹیڈیم جبکہ 1،1 کراچی اور راولپنڈی میں کھیلے گی۔