کراچی کے علاقے قیوم آباد میں ٹریفک پولیس اہلکار پر تشدد کرنے کے مقدمے میں گرفتار چینی تاجر کو مقامی عدالت نے دو روزہ ریمانڈ پر انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کردیا۔
ملزم کاروباری ویزے پر پاکستان آئے ہوئے چینی باشندے سونگ پوپینگ کو کورنگی انڈسٹریل ایریا انوسٹی گیشن پولیس نے جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں پیش کیا۔
ملزم کی طرف سے کوئی وکیل عدالت میں پیش نہیں ہوا تاہم سرکاری وکیل نے پولیس کی پیروی کی اور ملزم کو ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کی درخواست کی۔
عدالت نے ملزم کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دیا۔ پولیس کے مطابق ملزم سونگ پوپینگ بزنس ویزے پر پاکستان آیا ہوا ہے۔
قبل ازیں کراچی کے علاقے قیوم آباد میں ایک چینی باشندے نے نو پارکنگ کی جگہ گاڑی پارک کرنے کے تنازعہ پر ٹریفک پولیس اہلکار کو تشدد کرکے لہولہان کردیا، پولیس نے غیر ملکی کو گرفتارکرکے مقدمہ درج کرلیاتھا۔
کورنگی انڈسٹریل ایریا تھانے کے ایس ایچ او رانا حسیب کے مطابق قیوم آباد چورنگی کے قریب ایک معروف ڈپارٹمنٹل اسٹور پر چینی باشندہ اپنے پاکستانی ڈرائیور کے ہمراہ شاپنگ کے لیے پہنچا۔
ڈرائیور گاڑی کو اسٹور کے باہر پارک کرنے لگا تو وہاں تعینات ٹریفک پولیس اہلکارعامر نے انہیں نوپارکنگ کا بورڈ دکھاتے ہوئے گاڑی کھڑی کرنے سے منع کیا۔پولیس کے مطابق چینی باشندہ مشتعل ہوگیا اور غصے میں پولیس اہلکار کو ہٹانے کی کوشش کے دوران اسے تشدد کا نشانہ بنایا۔
اس دوران وہاں موجود لوگوں اور ٹریفک پولیس اہلکاروں نے بیچ بچائو کرایا۔ایس ایچ او کورنگی انڈسٹریل ایریا رانا حسیب کے مطابق اطلاع ملتے ہی پولیس پارٹی موقع پر پہنچی اور چینی باشندے مسٹر سونگ کو گرفتارکرلیا جبکہ زخمی اہلکار کو اسپتال میں طبی امداد دی گئی۔
پولیس اہلکار کو تشدد کا نشانہ بنانے والے چینی باشندے کے خلاف پولیس اہلکار عامر کی مدعیت میں کورنگی صنعتی ایریا تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
ایف آئی آر نمبر 2020/ 6 زیر دفعہ 337 اور 353 درج کی گئی ہے جس میں چینی باشندے کو گرفتار کرکے لاک اپ کردیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق چینی باشندے کی گاڑی بھی قبضے میں لے لی گئی ہے۔