التجا مفتی کو ان گھر میں ہی نظر بند رکھا جائے گا۔فائل فوٹو
التجا مفتی کو ان گھر میں ہی نظر بند رکھا جائے گا۔فائل فوٹو

سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کی بیٹی بھی گرفتار

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا سلسلہ بڑھنے لگا،قابض فوجیوں نے مقبوضہ وادی کی سابق کٹھ پتلی وزیراعلیٰ  محبوبہ مفتی کی بیٹی التجا مفتی کو بھی گرفتارکرلیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق قابض بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کی بیٹی التجا مفتی کو بھی حراست میں لے لیا ہے، التجا کو ان کے گھر سے حراست میں لیا گیا اور بھارتی فورسز نے انہیں حراست میں لینے کے بعد ان کے گھر جانے والے تمام راستے بند کردیے ہیں۔

بھارتی اخبارکے مطابق التجا مفتی اگست میں اپنی والدہ کی گرفتاری کے بعد سے ان کا سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر کا اکائونٹ بھی چلارہی تھیں۔التجا کو سرینگرمیں موجود ان کے گھر سے حراست میں لیا گیاہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق التجا مفتی کو ان گھر میں ہی نظر بند رکھا جائے گا،ان کی رہائش گاہ کی جانب جانے والے راستے بند کر دیے گئے ہیں، کسی آنے جانے کی اجازت نہیں دی رہی۔

التجا مفتی نے آج پریس کانفرنس کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد انہیں حراست میں لیا گیا اور میڈیا کو بھی ان کی حراست سے متعلق کوریج کی اجازت نہیں دی گئی۔

اس سے قبل التجا مفتی نے امریکی نشریاتی ادارے (سی این این) کو انٹرویو میں کہا تھا کہ بھارتی جبر کے خلاف آواز اُٹھانے پر دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔

واضع رہے کہ آرٹیکل 370 کے نفاذ کے بعد سے مقبوضہ وادی میں تاحال کرفیو نافذ ہے اور مودی سرکار کی جانب سے حریت رہنماؤں سمیت سیکڑوں سیاسی کارکنوں کو حراست یا پھر نظربند کررکھا ہے۔